گجرات،گوجرانوالہ(دلشادعلی)ایف آئی اے نے گجرات اور گجرانوالہ سے انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث 5ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے ملکی وغیر ملکی کرنسی برآمد کر لی ۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے گجرات اور گجرانوالہ سرکل نے انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں کیلئے چھاپہ مار کا روائیاںکیں۔
ایف آئی اے نے 5 ملزمان محمد ایوب ، احمد زبیر ، لیاقت علی ، انصر جاوید اور فراز اصغر کو گرفتار کر لیا۔ملزمان کو گجرات اورگوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم محمد ایوب نے شہری کو غیر قانونی طور پر ملازمت کی غرض سے اٹلی بھجوانے کے لیے 8 لاکھ روپے وصول کیے۔
ملزم احمد زبیر نے دیگر ملزمان کی معاونت سے شہری کو غیر قانونی طور پر سپین بھجوانے کے لیے 9 لاکھ 10 ہزار پاکستانی روپے بٹورے۔
ملزم لیاقت علی نے شہری کو غیر قانونی طور پر یورپ بھجوانے کے لیے 3 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔
ملزم انصر جاوید نے شہری کو آسٹریابھجوانے کے لیے 4 لاکھ بٹورے ۔
ملزم فراز اصغر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث تھا۔
چھاپہ مار کارروائی میں ملزم سے 30 ہزار پاکستانی روپے ، 500 سعودی ریال اور 100 یورو برآمدکرلئے گئے ۔
ملزم سے حوالہ ہنڈی سے متعلق شواہد بھی برآمد کر لیے گئے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔











