اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین کی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو سے قبل صحافی آپس میں لڑ پڑے تاہم شہراقتدارکے دوسینئرصحافی افضل اجو اور جاوید سومرو نے بیچ بچاؤکرایااورشعیب شاہین کی پریس کانفرنس دوبارہ شروع کروادی گئی
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماشعیب شاہین سپریم کورٹ میں ایک کیس کی پیروی کے سلسلے میں موجود تھے ،کیس کی پیروی کرنے کے بعد جب وہ باہر میڈیا ٹاک کرنے آئے تو ڈائس پر ان کے ساتھ ایک اور نامعلوم شخصیت موجود تھی۔
مذکورہ شخصیت ڈائس پر موجود مختلف ٹی وی چینلز کے مائیک کو چھیڑ رہی تھی، صحافیوں نے اس شخصیت کو مائیک نہ چھیڑنے کے لیے کہا جس پر وہ سیخ پا ہو گئے اور ایک دوسرے کو گالیاں دینے لگ گئے ۔
بات آگے بڑھی تو صحافی برادری آپس میں گتھم گتھا ہو گئی اور ایک دوسرے پر لاتوں، مکوں اور گھونسوں کی بارش کر دی، تقریبا 10 منٹ تک یہ لڑائی جاری رہی ۔
مزیدپڑھیں:عمران خان کو لانگ مارچ توڑ پھوڑ کے 2 مقدمات میں بری کر دیا گیا
اس موقع پر شعیب شاہین بالکل خاموش ہو کر کھڑے رہے ،انہیں صرف اتنا کہتے ہوئے ایک ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ یار بس کر دو بہت ہو گیا تا ہم صحافی آپس میں جھگڑا کرتے رہے ۔
تاہم شہر اقتدار کے دو سینئر صحافیوں افضل اجو اور جاوید سومرو نے بیچ بچاؤکرایا اور پی ٹی آئی رہنما شیعب شاہین کی پریس کانفرنس دوبارہ شروع کرادی گئی ۔
بعد ازاں معلوم ہوا کہ جس شخصیت کے ساتھ صحافی برادری لڑ رہی تھی وہ بھی ایک صحافی تھے اور ایک نجی ٹی وی چینل کے ساتھ وابستہ تھے۔











