کوئٹہ (روشن پاکستان نیوز )نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں گمشدہ بلوچوں کی نوٹنکی لگانے والے افراد بھی بری طرح بے نقاب ہو گئے۔
کوئٹہ میں انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مسلح افواج نے پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کو چیلنج کرنے والے عناصر کو بھرپور جواب دیا۔
نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ علیحدگی پسند اور دہشت گرد تنظیموں کے افراد ایران میں بھارت سے ساز باز کر کے پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاک افواج نے آرمی چیف کی قیادت میں قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، اس ایکشن سے بھارت کی دہشت گردی کا نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا۔
جان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہم بار بار کہہ رہے تھے کہ مسنگ پرسنز کا مسئلہ حل ہو رہا ہے، پاکستان اور خاص طور پر بلوچستان میں دشمن قوتیں اندرونی خلفشار میں ناکامی کے بعد بیرونی مداخلت کی کوشش کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس بارے میں مسلسل قوم کو آگاہ کرتے رہے ہیں، پہلے بھی واضح کیا تھاکہ دشمن کبھی سازشوں میں کامیاب نہیں ہو گا۔
نگراں صوبائی وزیرِ اطلات کا مزید کہنا ہے کہ ہم ہر جگہ دشمن قوتوں کا بھر پورمقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ایران نے بھی پاکستان کے جوابی حملے میں دہشت گردوں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔