جمعه,  03 اپریل 2026ء
سعودی عرب میں پاکستانی سفیر کی شہریوں کو سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کی ہدایت

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر احمد فاروق نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال کے تناظر میں مملکت میں مقیم پاکستانی شہریوں کو سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کی ہدایت کی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے اطمینان دلایا کہ سعودی عرب کے تمام علاقوں میں مجموعی حالات پرامن، مستحکم اور تسلی بخش ہیں اور شہری بلا خوف و خطر اپنی روزمرہ سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔

سفیر احمد فاروق نے پاکستانی شہریوں پر زور دیا کہ وہ ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے مقامی قوانین کا مکمل احترام کریں اور کسی بھی قسم کی افواہوں، قیاس آرائیوں اور غیر مصدقہ اطلاعات کی تشہیر سے گریز کریں۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے محتاط اور ذمہ دارانہ استعمال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کی حساسیت کو مدنظر رکھا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ درست اور بروقت معلومات کے لیے صرف سعودی حکومت کے مستند ذرائع پر انحصار کیا جائے۔ مزید برآں، حساس مقامات، فوجی تنصیبات، سرکاری و سفارتی عمارات کی تصاویر یا ویڈیوز بنانے سے مکمل اجتناب کیا جائے۔

سفیر پاکستان نے خبردار کیا کہ اگر فضا میں دفاعی کارروائیوں، جیسے ڈرون یا میزائل روکنے کے مناظر دیکھے جائیں تو ان کی فلم بندی اور اشاعت سے بھی گریز کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی فضائی حدود کھلی ہیں اور فضائی سفر کا نظام معمول کے مطابق جاری ہے۔

اپنے بیان کے اختتام پر سفیر احمد فاروق نے یقین دہانی کرائی کہ سفارت خانہ پاکستان ریاض بدلتی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پاکستانی شہریوں کی مدد کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

انہوں نے پاکستانی کمیونٹی سے پرسکون رہنے، ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کی اپیل بھی کی۔

مزید خبریں