ریاض ( وقار نسیم وامق) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بزمِ شاہین کی جانب سے ماہِ رمضان المبارک کے دوران مقابلۂ حسنِ قرأت کا انعقاد کیا گیا۔
مقابلہ حسنَ قرأت کی مختلف روح پرور محفلوں میں سینکڑوں بچوں نے بھرپور شرکت کی اور خوبصورت انداز میں تلاوتِ قرآنِ کریم پیش کی۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی سرپرستِ اعلیٰ بزمِ شاہین سید ثاقب زبیر اور صدر یوتھ فورم محمد ابراہیم جٹ نے بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کامیاب طلبہ میں انعامات تقسیم کئے۔
اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ بچوں کو قرآنِ کریم سے محبت، حسنِ قرات کی جانب راغب کرنا اور تجوید کی اہمیت اجاگر کرنا انتہائی ضروری ہے اور اس ضمن میں بزمِ شاہین کا کردار لائقِ تحسین ہے۔
مقابلہ حسنِ قرات کے چیف آرگنائزر صدر بزمِ شاہین سید محمود نے کہا کہ اس مقابلے کا مقصد نئی نسل میں تجوید اور حسنِ قرأت کا شوق پیدا کرنا ہے۔ ان کے مطابق والدین اور اساتذہ کی محنت بچوں کی کارکردگی میں واضح طور پر نظر آئی اور بزمِ شاہین آئندہ بھی ایسے پروگرام جاری رکھے گی تاکہ بچوں کو مثبت اور دینی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔











