ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے ہم وطنوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں پرسکون رہیں مقامی قوانین کا احترام کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے اجتناب کریں جبکہ سفارت خانہ پاکستان اپنے شہریوں کے ساتھ تعاون اور رہنمائی کے لیے ہمہ وقت خدمات انجام دے رہا ہے۔
سفارت خانہ پاکستان سے جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے سعودی عرب میں مقیم 28 لاکھ سے زائد پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ صورتحال میں آپ مکمل پرسکون رہیں اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کری اور مقامی قوانین کا احترام کرتے ہوئےکسی بھی قسم کی افواہوں پر یقین نہ کریں اور بذریعہ سوشل میڈیا افواہوں کی ترویج سے گریز کریں۔ کسی بھی صورتحال میں ہدایات کے لئے صرف سعودی حکومت کے مستند ذرائع پر انحصار کریں اور مدد یا رہنمائی کے لئے سفارتخانہ پاکستان کے ان ہنگامی رابطہ نمبرز پر رابطہ قائم کریں جو آپ کی سکرین پر نظر آ رہے ہیں۔
اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اور سفارتخانہ پاکستان ریاض ان تمام حالات میں آپ کے تحفظ، آسانی اور خیروعافیت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتا ہے اور اس سلسلے میں ہمہ وقت متحرک ہے۔
سفیرِ پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اس صورتحال میں پروازوں کی منسوخی یا تبدیلی کی وجہ سے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے لئے پیدا ہونے والی مشکلات کا بخوبی احساس ہے۔ ہم نے آپ کی معاونت کے لئے سعودی عرب میں ائیرپورٹس پر اپنی ٹیموں کو تعینات کر رکھا ہے جو پروازوں میں تعطل کی صورت میں پیدا ہونے والی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور جہاں ضرورت ہو وہاں لوگوں کو رہائش، خوراک، ادویات اور پروازوں کی دوبارہ بکنگ میں فوری مدد فراہم کر رہے ہیں۔ اسی طرح سعوی عرب کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ منسلک بارڈرز پر بھی ہماری ٹیمیں تعینات ہیں تاکہ وہاں سے آنے والے ہم وطنوں کو قریبی شہروں تک رسائی اور وہاں سے پاکستان واپس جانے کے عمل میں مدد فراہم کی جا سکے۔
سفیرِ پاکستان نے مزید کہا کہ سفارت خانہ پاکستان کے ہنگامی فون نمبرز، سفارتی عملہ اور ٹیمیں آپ کی مدد اور تعاون کے لئے24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ ہم ان تمام حالات میں ایک بار پھر مملکت سعودی عرب میں موجود اپنے تمام ہم وطنوں کے لئے مکمل تعاون، مدد اور معاونت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔











