منگل,  03 فروری 2026ء
پاک سعودی دفاعی معاہدہ تعلقات میں نئی جہت، ولی عہد محمد بن سلمان جلد پاکستان کا دورہ کریں گے: سفیر احمد فاروق

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ پاک سعودی دفاعی معاہدے نے دونوں ممالک کے حکومتی اور عوامی تعلقات کو ایک نئی جہد بخشی ہے جس کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

سفارت خانہ پاکستان ریاض میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے احمد فاروق نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان اسلامی دنیا کے اہم ممالک ہیں جو دفاعی امور سمیت دیگر شعبوں میں بہتر مستقبل کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران سرمایہ کاری اور تجارتی معاہدے طے پائے تھے جن میں سے متعدد تکمیل کے مراحل میں ہیں اور ان کے مثبت اثرات پاکستانی معیشت پر ظاہر ہو رہے ہیں۔

سفیر پاکستان نے مزید بتایا کہ آئندہ ایک ماہ کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، ٹیکسٹائل سمیت آٹھ شعبوں میں پاک سعودی معاہدے طے پانے والے ہیں، جن کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

اقامہ ، لیبر اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی ، سعودی عرب میں ہزاروں افراد گرفتار

احمد فاروق نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں جو سالانہ 720 ملین ڈالر تک جا پہنچی ہیں جبکہ خدمات کے شعبے میں برآمدات 590 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2025 کے دوران پاکستان سے پانچ لاکھ ورکرز سعودی عرب آئے اور مجموعی طور پر سعودی عرب میں مقیم 30 لاکھ پاکستانی دنیا بھر سے بھیجے جانے والے زرمبادلہ میں 25 فیصد حصہ ڈالتے ہیں۔

سفیرِ پاکستان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سفارت خانہ پاکستان اپنے ہم وطنوں کے مسائل کے حل کے لیے انتہائی دلجمعی اور فرض شناسی کے ساتھ کام کر رہا ہے اور تمام شعبے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی رہنمائی اور معاونت کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

مزید خبریں