لندن (رون پاکستان نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما آصف بٹ نے کہا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے متفقہ فیصلے کے تحت 8 فروری 2026 کو ملک بھر میں ہڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس ہڑتال کا مقصد عوامی مینڈیٹ کی پامالی اور مبینہ ووٹ چوری کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔
آصف بٹ کے مطابق یہ اقدام آئین کی بالادستی، حقِ رائے دہی کی بحالی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کی جدوجہد میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔
اسی سلسلے میں اوورسیز ایڈمن کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں پی ٹی آئی برطانیہ کے سابق سینئر نائب صدر جہانزیب خان کو شامل کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی یو کے کی جانب سے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کو باغ جناح میں جلسے کی مشروط اجازت مل گئی
آصف بٹ نے کہا کہ گراؤنڈ ورکرز کو اعلیٰ سطحی کمیٹیوں میں نمائندگی دینا ایک مثبت اور دور اندیش فیصلہ ہے کیونکہ کارکنان ہی کسی بھی سیاسی تحریک کی اصل بنیاد ہوتے ہیں۔ انہوں نے جہانزیب خان کو نئی ذمہ داری ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پہلے کی طرح محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔











