ریاض (وقار نسیم وامق)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن پی آئی اے ریاض ریجن میں ملک بلال احمد کےتین سالہ مدتِ تعیناتی کامیابی سے مکمل ہونے پر نئے مینجر شکیل احمد کو آئندہ مدت کے لئے نیا مینجر مقرر کر دیا گیا، اس موقع پر پاک میڈیا فورم ریاض کے نمائندہ وفد نے پی آئی اے ریاض آفس کا دورہ کیا اور پی آئی اے افسران سے خصوصی ملاقات کی۔
پاک میڈیا فورم کے وفد میں چیئرمین الیاس رحیم، وائس چیئرمین وقار نسیم وامق، سیکرٹری جنرل اجمل منہاس، کامران حسانی سمیت معروف سماجی شخصیتات عدنان اقبال بٹ اور جی ایم ملک شامل تھے۔
رخصت ہونے والے مینجر ملک بلال احمد نے میڈیا سے گفتگو میں پاکستانی سفارتخانے، کمیونٹی، پی آئی اے اسٹاف اور مسافروں کے بھرپور تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے ریاض آفس نے ہمیشہ پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کو اولین ترجیح دی، ریاض سے پاکستان کے پانچ شہروں کے لیے فلائٹ آپریشن کامیابی سے جاری ہے جبکہ ان کی مدت کے دوران سعودی عرب سے 1500 سے زائد میتوں کی بلا معاوضہ پاکستان روانگی کا انتظام کیا گیا جو ایک بڑی سماجی خدمت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کمیونٹی کے تعاون اور ٹیم ورک نے ان کے دور کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پی آئی اے کے نئے تعینات ہونے والے ریجنل مینجر شکیل احمد نے ملک بلال احمد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پی آئی اے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے، مسافروں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے اور کمیونٹی کے ساتھ مضبوط رابطہ برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
معروف سماجی شخصیات عدنان اقبال بٹ اور جی ایم ملک نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے نے پاکستانی کمیونٹی کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے خصوصاً میتوں کی بلا معاوضہ روانگی ایک عظیم انسانی خدمت ہے اور اس ضمن میں بلال احمد کا کردار انتہائی موئثر اور لائق تحسین ہے، انہوں نے نئے تعینات ہونیوالے مینجر شکیل احمد کو پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا
پاک میڈیا فورم کے چیئرمین الیاس رحیم نے ملک بلال احمد کی کمیونٹی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی پاکستانیوں کی خدمت کو اپنا مشن بنایا، امید ہے کہ شکیل احمد بھی اسی جذبے کے ساتھ ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
وائس چیئرمین وقار نسیم وامق نے کہا کہ ملک بلال احمد نے پی آئی اے کے وقار میں اضافہ کیا اور کمیونٹی کے ساتھ مضبوط تعلق قائم رکھا جبکہ نئے مینجر شکیل احمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سیکرٹری جنرل اجمل منہاس نے کہا کہ پی آئی اے ریاض آفس نے ہمیشہ میڈیا اور کمیونٹی کے ساتھ بہترین تعاون کیا جو قابلِ تعریف ہے جبکہ کامران حسانی کا کہنا تھا کہ ملک بلال احمد کی خدمات ایک مثال ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔۔
اس موقع پر پاک میڈیا فورم کی جانب سے ملک بلال احمد کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ اور تحائف پیش کئے گئے جبکہ نئے مینجر شکیل احمد کو خوش آمدید کہتے ہوئے گلدستہ اور تحائف پیش کئے گئے اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔











