اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) چیئرمین گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل راجہ سکندر نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور سالانہ اربوں ڈالر زرمبادلہ وطن بھیج کر پاکستان کی معیشت، تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم اس کے باوجود انہیں اپنے ہی وطن میں جان و مال، سرمایہ کاری اور جائیدادوں کے تحفظ جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے، جو انتہائی تشویشناک امر ہے۔
وہ کشمیر پریس کلب میرپور کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق صدر آزاد جموں کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری راجہ محمد ریاض بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ کشمیر پریس کلب پہنچنے پر نائب صدر کشمیر پریس کلب رانا شبیر راجوروی نے چیئرمین گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل کا پرتپاک استقبال کیا۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر کابینہ تشکیل ، 18 وزرا نے حلف اٹھا لیا
راجہ سکندر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کے دوران مختلف رکاوٹوں، قبضہ مافیا، طویل عدالتی کارروائیوں اور انتظامی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کی وجہ سے وہ وطن میں سرمایہ کاری سے ہچکچاہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اربابِ اختیار کو اوورسیز کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے فوری اور ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں، جن میں مؤثر قانون سازی، فوری انصاف کی فراہمی اور ادارہ جاتی اصلاحات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر اوورسیز پاکستانیوں کو تحفظ اور اعتماد فراہم کیا جائے تو وہ مزید سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی معیشت کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ راجہ سکندر نے اوورسیز کے مسائل اجاگر کرنے پر میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافتی برادری نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کی آواز کو ایوانوں تک پہنچایا ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔
تقریب میں سینئر صحافی شہزادہ اقبال، ظہور رشید، سجاد قیوم خانپوری، عمران چوہدری اور انجینئر روحان سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔











