منگل,  23 دسمبر 2025ء
اوورسیز پاکستانی اپنے وطن کا وقار بڑھا رہے ہیں: عزیزالرحمن مجاہد

ریاض (وقار نسیم وامق) مسلم لیگ (ن) ریاض ریجن کے صدر انجینئر عدنان اقبال بٹ کی جانب سے پاکستان سے تشریف لانے والے معروف سماجی و صحافتی شخصیت، چیف ایڈیٹر پاسبان نیوز عزیزالرحمٰن مجاہد کے اعزاز میں ایک پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں ریاض کی ممتاز سماجی، ادبی اور صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے شرکاء نے مہمانِ خصوصی عزیزالرحمٰن مجاہد کو سعودی عرب آمد پر خوش آمدید کہا اور عمرہ کی ادائیگی پر مبارک باد پیش کی اور ان کی سماجی و صحافتی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ محفل میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل، پاک سعودی برادرانہ تعلقات اور مختلف سماجی موضوعات پر مفید تبادلۂ خیال بھی ہوا۔

اس موقع پر عدنان اقبال بٹ کا کہنا تھا کہ عزیزالرحمٰن مجاہد جیسے باوقار اور محنتی صحافی کا ریاض میں خیرمقدم کرنا ہمارے لیے باعثِ مسرت ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کی آواز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں ان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔

مہمانِ خصوصی عزیزالرحمٰن مجاہد نے اپنے تاثرات میں کہا کہ ریاض کی پاکستانی کمیونٹی ہمیشہ محبت، اخلاص اور یکجہتی کی روشن مثال رہی ہے۔ سعودی عرب میں مقیم اوورسیز پاکستانی نہ صرف اپنے وطن کا وقار بڑھا رہے ہیں بلکہ یہاں کے سماجی، ادبی اور صحافتی ماحول کو بھی اپنی محنت، کردار اور مثبت سوچ سے مضبوط بنا رہے ہیں۔

عزیزالرحمن نے کہا کہ ریاض میں سرگرم پاکستانی صحافیوں نے ہمیشہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ، مثبت بیانیے اور کمیونٹی کی حقیقی ترجمانی کے ذریعے ایک قابلِ فخر مثال قائم کی ہے۔ ادبی و سماجی شخصیات نے بھی اپنی تحریروں، تقریبات اور فکری سرگرمیوں کے ذریعے پاکستانی شناخت کو وقار بخشا ہے۔

عزیزالرحمٰن مجاہد کا کہنا تھا کہ ایسے باصلاحیت اور باوقار افراد کے درمیان آکر انہیں حقیقی معنوں میں گھر جیسا ماحول محسوس ہوتا ہے اور وہ امید رکھتے ہیں کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی اسی محبت اور خلوص کے ساتھ جاری رہے گا۔

عشائیہ میں شریک نمایاں شخصیات میں صدر عالمی حلقۂ فکروفن وقار نسیم وامق، چیئرمین پاک میڈیا فورم الیاس رحیم، ڈپٹی جنرل سیکریٹری عالمی حلقۂ فکروفن کامران حسانی، صدر یوتھ ونگ مسلم لیگ (ن) ملک جی-ایم اعوان، محمد نعیم اور ملک اشتیاق ہیرا شامل تھے۔

تقریب کے اختتام پر میزبان کی جانب سے خصوصی عشائیہ دیا گیا جس سے تمام شرکاء نے بھرپور لطف اٹھایا اور شاندار انتظامات پر عدنان اقبال بٹ کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر عزیز الرحمن مجاہد نے عدنان بٹ کو کتاب کا تحفہ بھی پیش کیا۔

مزید خبریں