منگل,  16 دسمبر 2025ء
پروٹیکٹر ویزا رکھنے والے افراد کی ایئرپورٹس پر آف لوڈنگ نہیں ہوگی: مینجنگ ڈائریکٹر او پی ایف افضال بھٹی

ریاض (وقار نسیم وامق) اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے مینجنگ ڈائریکٹر محمد افضال بھٹی نے کہا ہے کہ ایسے تمام افراد جن کے ویزے پروٹیکٹر ہوچکے ہیں انہیں پاکستان کے کسی بھی ایئرپورٹ سے آف لوڈ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ او پی ایف سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔

ریاض میں منعقدہ ایک بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد افضال بھٹی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سمندر پار پاکستانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت نے ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے خصوصی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا ہے۔ مزید برآں، مڈل ایسٹ سمیت دیگر ممالک جانے والے افراد کے لیے اسکلڈ پروگرامز شروع کیے گئے ہیں تاکہ ہنر مند پاکستانی بہتر انداز میں بیرون ممالک اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ او پی ایف سالانہ تقریباً پانچ ہزار افراد کو تربیت دے کر ہنر مند بنانے میں کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کے ساتھ مل کر او پی ایف نے لائحہ عمل تیار کیا ہے کہ ویزہ پروٹیکٹر رکھنے والے افراد کو کسی بھی ایئرپورٹ پر آف لوڈ نہ کیا جائے جس پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ بیرون ملک انتقال کرنے والے پاکستانیوں کے لواحقین کے معاوضے کو تین لاکھ روپے سے بڑھا کر دس لاکھ روپے کر دیا گیا ہے جبکہ زخمی ہونے والے افراد کو چھ لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

تقریب میں کمیونٹی شخصیات شیخ سعید احمد، محمود الحق ڈوگر، عدنان اقبال بٹ، احسن عباسی، وسیم ساجد، ڈاکٹر کنول انیس، سید ثاقب زبیر، مشتاق بلوچ، ذکاء اللہ محسن اور دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرکے اور سہولیات فراہم کرکے انہیں مزید فعال بنایا جاسکتا ہے تاکہ وہ ملکی خدمت کا فریضہ انجام دیتے رہیں۔

پاکستانی سفارتخانے کے ویلفیئر اتاشی نجم نواز ثاقب اور مسز جنت حسین نے کہا کہ سفارت خانہ کمیونٹی اور ورکرز کے مسائل کو حل کرنے میں تندہی اور فرض شناسی سے کردار ادا کر رہا ہے اور کمیونٹی کے تعاون سے ویلفیئر کے کاموں کو کامیابی سے آگے بڑھا رہا ہے۔

تقریب کی نظامت وقار نسیم وامق نے بخوبی سرانجام دی، تلاوت کلامِ پاک کی سعادت حافظ فضل رحیم صافی نے حاصل کی جبکہ ہدیہء نعتٌ رانا ساجد نے پیش کیا۔

مزید خبریں