اتوار,  07 دسمبر 2025ء
سعودی عرب میں سندھی کلچرل ڈے کی رنگا رنگ تقریب

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں انڈس کلچرل اینڈ سوشل فورم کے زیرِ اہتمام سندھی کلچرل ڈے کی شاندار اور رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں سندھی مرد و خواتین نے شرکت کی۔ شرکاء نے روایتی اجرک اور سندھی ٹوپی زیبِ تن کر کے اپنی ثقافت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔

تقریب میں پاکستان سے آئے معروف گلوکارہ دیبا سحر کے ہمراہ معروف فنکار علی گل ملاح سمیت مقامی گلوکار نعیم سندھی نے شاہ عبدالطیف بھٹائی کا کلام اور سندھی فوک گیت پیش کیے، جنہوں نے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کر دیا جبکہ نوجوانوں نے روایتی رقص پیش کر کے محفل کو مزید پررونق بنا دیا۔

اس موقع پر سفارت خانہ پاکستان کے فرسٹ سیکرٹری محمد شفیق، صدر انڈس کلچرل اینڈ سوشل فورم غلام قادر ملاح، ذیشان قاضی، زاہد میاں بھٹو، حفیظ شیخ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ کی دھرتی قدیم تہذیب اور ثقافت کی امین ہے اور سندھی کلچرل ڈے کے ذریعے اس کے رنگ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اجاگر ہو رہے ہیں۔

تقریب کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ سندھی کلچرل ڈے پاکستان کے مثبت کردار کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا ذریعہ ہے جو نہ صرف ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے بلکہ دنیا بھر میں پاکستانی کمیونٹی کے تشخص کو بھی مضبوط کرتا ہے۔

مزید خبریں