جدہ (محمد عدیل) — جدہ کے مقامی ہوٹل میں پاکستان انویسٹرز فورم کی جانب سے قونصل جنرل خالد مجید کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں فورم کے منتخب صدر شفقت محمود اور جنرل سیکرٹری مہر عبدالخالق لک کی حلف برداری بھی ہوئی۔ تقریب میں سیاسی، سماجی اور کمیونٹی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور قونصل جنرل کی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان انویسٹرز فورم کے صدر شفقت محمود نے کہا کہ قونصل جنرل خالد مجید ایک نہایت خوش اخلاق، ملنسار اور کمیونٹی کی خدمت کے جذبے سے سرشار شخصیت ہیں۔ ان کی پاکستانی کمیونٹی کے لیے خدمات ہمیشہ سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی۔ جنرل سیکرٹری مہر عبدالخالق لک نے کہا کہ قونصل جنرل نے قونصلر سروسز میں جو نمایاں بہتری پیدا کی، جیل کیسز پر خصوصی توجہ دی اور نئے قونصل خانے کی عمارت کو تکمیل تک پہنچایا، یہ ان کی پیشہ ورانہ قابلیت اور ذمہ داری کا واضح ثبوت ہے۔ کشمیر کمیٹی کے جنرل سیکرٹری سردار اقبال نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خالد مجید نے بیماری کے باوجود اپنی تمام توانائیاں پاکستانی کمیونٹی کے لیے وقف کیں اور ہر شعبے میں بہتری لائے۔
قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ پاکستانی کمیونٹی کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جنہوں نے گزشتہ چھ برسوں میں نہ صرف انہیں بلکہ ان کے خاندان کو بے حد عزت، محبت اور تعاون سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ بیماری کے دنوں میں کمیونٹی کی دعائیں ان کے لیے انمول تحفہ تھیں۔ قونصل جنرل نے مزید کہا کہ کمیونٹی کی خدمت ہو یا قونصل خانے کے امور، ہر کامیابی ان کی پیشہ ورانہ ٹیموں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے تین مختلف ٹیموں کے ساتھ کام کیا اور تمام ٹیموں نے ہر مرحلے کو نہایت پیشہ ورانہ طریقے سے سنبھالا۔
تقریب کے اختتام پر ماسا اور اسکانکم کی جانب سے قونصل جنرل خالد مجید کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ شرکاء نے کھڑے ہو کر تالیاں بجا کر ان کی خدمات کو سراہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب میں شریک نمایاں شخصیات میں کشمیر کمیٹی کے صدر مسعود پوری، جنرل سیکرٹری سردار اقبال، سماجی شخصیات سردار وقاص عنایت، سردار عنایت، چوہدری ریاض گھمن، حاجی عثمان، چوہدری اکرم، اظہر وڑائچ، چوہدری شہباز، اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات شامل تھیں۔











