جدہ (محمد عديل) انجینئر سجاد خان کی جانب سے انویسٹر فورم کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں کاروباری، سماجی اور فلاحی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا بنیادی مقصد کمیونٹی میں اتحاد، باہمی تعاون اور مستقبل کے مشترکہ اقتصادی منصوبوں پر مشاورت تھا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض رانا زوہیب نے ادا کیے۔تقریب میں چوھدری شفقت محمود کی عدم موجودگی میں ان کے بھائی چوہدری عنصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی ہمیشہ اتحاد کی مثال رہی ہے اور بزنس فورم اس اتحاد کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔مہر عبدالخالق لک نے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ بزنس فورم مستقبل میں بڑے منصوبوں پر مشترکہ کام کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلڈنگ، اسکول، اسپتال اور دانوب پانڈا کی طرز کے تجارتی منصوبوں پر مل کر کام کرنے سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے پاکستانی قونصلیٹ اور کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا چوہدری اظہر وڑائچ ،چوہدری اکرام ،چوہدری شہباز حسین ،بلو شیر وڑائچ اور ملک منظور اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدہ کی پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ بھائی چارے کی بہترین مثال قائم کی ہے۔ بزنس فورم اسی جذبے کو مزید مستحکم کرے گا اور کمیونٹی کیلئے باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیح رہے گی۔تقریب کے میزبان انجینئر سجاد خان نے کہا کہ بزنس فورم کا مقصد کاروباری شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے تاکہ پاکستانی کمیونٹی کی معاشی مضبوطی اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے راستے کھولے جا سکیں۔ انہوں نے آنے والے تمام مہمانوں اور خصوصی طور پر میڈیا نمائندگان کا بھی شکریہ ادا کیا۔تقریب میں سردار اقبال، چوہدری امجد گجر، چوہدری مبشر افضل چیمہ، رفاقت چیمہ، جمشید جمی، چوہدری اکرم گجر، سردار وقاص، سردار اشفاق، چوہدری افتخار چیمہ، بلال گھمن، چوہدری عباس سمیت اہم کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔











