پیر,  10 نومبر 2025ء
ورلڈ میمن آرگنائزیشن کی 23ویں سالانہ جنرل میٹنگ جدہ میں منعقد — تعلیم اور ڈیجیٹل مستقبل پر خصوصی توجہ

جدہ: (محمد عديل) ورلڈ میمن آرگنائزیشن (WMO) کی 23ویں سالانہ جنرل میٹنگ (AGM) بروز ہفتہ 8 نومبر 2025 کو جدہ کے انٹرکانٹی نینٹل ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ یہ تنظیم کی تاریخ میں ایک سنگِ میل ثابت ہوئی کیونکہ یہ پہلی مرتبہ تھا کہ WMO کی سالانہ میٹنگ مملکتِ سعودی عرب میں منعقد کی گئی۔ اجلاس کا مرکزی موضوع “تعلیم” رکھا گیا، جس کے تحت دنیا بھر سے میمن کمیونٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جس کے بعد سعودی قومی ترانہ اور میمن ترانہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں تنظیم کے مرحوم اراکین کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی۔

اجلاس کا سب سے اہم اور تاریخی لمحہ اُس وقت آیا جب موجودہ صدر سلمان اقبال کو متفقہ طور پر تنظیم کا *پہلا سرپرستِ اعلیٰ (Patron-in-Chief)* مقرر کیا گیا۔ یہ اعزاز اُن کی visionary قیادت اور عالمی میمن کمیونٹی کے لیے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

اس فیصلے کو سراہتے ہوئے ڈپٹی صدر محمود شیخانی نے اپنے خطاب میں سلمان اقبال کی غیر معمولی خدمات اور اُن کے وژن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اجلاس میں تنظیم کے مختلف علاقائی چیپٹرز، پاکستان، یورپ، مشرقِ وسطیٰ، جنوبی افریقہ، امریکا و کینیڈا، اور فارج ایسٹ کے نمائندوں نے اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کیں، جن میں سماجی ترقی، فلاحی منصوبوں اور تعلیمی اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔

اپنے خیرمقدمی خطاب میں صدر سلمان اقبال نے تنظیم کے مستقبل کے اہداف پر گفتگو کی اور WMO کے “ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن جرنی” کے منصوبے کا اعلان کیا، جس میں نئی ویب سائٹ کا اجراء اور رکنیت کے عمل کی خودکار نظام کے تحت ڈیجیٹلائزیشن شامل ہے۔

WMO کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل فیضان بقالی نے سال 2024 کی سالانہ رپورٹ پیش کی، جس میں تنظیم کی کارکردگی، مالی حیثیت اور آئندہ کے اسٹریٹجک منصوبوں کی تفصیلات شامل تھیں۔

اجلاس کے اختتام پر اُن اراکین اور رضاکاروں کو اعزازات سے نوازا گیا جنہوں نے تنظیم کی فلاحی سرگرمیوں میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ اس موقع پر شرکاء نے WMO کے جذبۂ خدمت اور اتحاد کی روح کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مزید خبریں