بدھ,  22 اکتوبر 2025ء
او آئی سی وزرائے پانی کی پانچویں کانفرنس جدہ میں منعقد — پاکستان تیسرے واٹر کونسل کا رکن منتخب

جدہ(روشن پاکستان نیوز) — اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے پانی کے امور کے وزراء کی پانچویں کانفرنس جدہ میں منعقد ہوئی جس کا عنوان “ویژن سے اثر تک” (From Vision to Impact) تھا۔ اجلاس میں مسلم دنیا کو درپیش پانی سے متعلق مختلف مسائل پر غور کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے رکن ممالک کے درمیان مسلسل تعاون ضروری ہے۔

اجلاس میں پانی کی قلت، ذخیرہ آب کے مسائل، ماحولیاتی بحران، خشک سالی، سیلاب اور او آئی سی ممالک میں زیرِ زمین پانی کے وسائل جیسے موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس کا آغاز مصر کی جانب سے چیئرمین شپ مملکتِ سعودی عرب کو منتقل کرنے سے ہوا۔

تمام رکن ممالک کے وزراء اور نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ پاکستان کی نمائندگی سفیر سید محمد فواد شیر، مستقل نمائندہ پاکستان برائے او آئی سی، نے کی۔

اپنے خطاب میں سفیر فواد شیر نے پاکستان کو درپیش پانی اور ماحولیاتی تبدیلی کے باہمی طور پر جڑے ہوئے مسائل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان پر ماحولیاتی بحران کے گہرے اثرات کو اجاگر کیا اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے ان خطرات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات کی وضاحت کی۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے (Indus Waters Treaty) کو یکطرفہ طور پر معطل رکھنے کی غیر قانونی کارروائی کا بھی ذکر کیا اور اس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔

اجلاس کے اختتام پر ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان پانی کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک جامع فریم ورک اور روڈمیپ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کو متفقہ طور پر تیسرے او آئی سی واٹر کونسل کا رکن بھی منتخب کیا گیا

مزید خبریں