جدہ (روشن پاکستان نیوز) — مکہ مکرمہ میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کا آغاز ہو گیا، جو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) اور مکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے باہمی اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔ اس نمائش کا مقصد پاکستانی کاروباری اداروں کو سعودی تاجروں کے ساتھ براہِ راست رابطے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے ایف پی سی سی آئی اور مکہ چیمبر آف کامرس کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمپنیوں کو سعودی خریداروں کے دروازے تک لانا ایک اہم کامیابی ہے۔ قونصل جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ جدہ میں پاکستان کا قونصلیٹ اور اس کا کمرشل سیکشن دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان تجارتی روابط اور مشترکہ منصوبوں کے قیام میں بھرپور تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔
مزید پڑھیں: مودی کو خبردار کر دیا ، پاکستان کیساتھ جنگ نہیں ہونی چاہئے ، ڈونلڈ ٹرمپ
نمائش میں پچاس سے زائد پاکستانی نمائش کنندگان اپنی مصنوعات اور خدمات پیش کر رہے ہیں۔ ان میں نمایاں شعبے خوراک (چاول، مصالحہ جات، پراسیس شدہ اور پیک شدہ غذائیں)، ٹیکسٹائل (خصوصاً ملبوسات)، ہوٹل سپلائز، آئی ٹی اور انجینئرنگ سروسز شامل ہیں۔
تقریب میں ایف پی سی سی آئی، مکہ چیمبر آف کامرس کے عہدیداران اور سعودی کاروباری برادری کے ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
یہ نمائش 23 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گی، جس میں پاکستانی مصنوعات کو سعودی مارکیٹ میں متعارف کرانے کے لیے مختلف تجارتی نشستیں بھی منعقد کی جائیں گی۔