هفته,  18 اکتوبر 2025ء
مرکزی جماعت اہلِ سنت برطانیہ کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر شاہ جیلانی لندن میں انتقال کرگئے

لندن(روشن پاکستان نیوز) مرکزی جماعت اہلِ سنت برطانیہ کے سرپرستِ اعلیٰ، مفکرِ اسلام، ممتاز عالمِ دین اور روحانی پیشوا ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر شاہ جیلانی رحمة الله عليه انتقال کر گئے۔ مرحوم کا شمار برطانیہ میں اہلِ سنت والجماعت کے ابتدائی مبلغین اور بانی رہنماؤں میں ہوتا تھا۔

انہوں نے اپنی پوری زندگی اہلِ سنت کے عقائد، تعلیمات اور فکر کے فروغ و دفاع کے لیے وقف کی۔ علمی و فکری محفلوں میں ان کی شخصیت گہری بصیرت، فصاحت و بلاغت اور جرات مندانہ موقف کے لیے پہچانی جاتی تھی۔ ڈاکٹر پیر عبدالقادر شاہ جیلانی، حضرت پروفیسر پیر سید احمد حسین شاہ ترمذی رحمة الله عليه کے قریبی رفیق تھے اور دونوں کے درمیان محبت، احترام اور خدمتِ دین کا گہرا تعلق تھا۔

مرحوم نے برطانیہ سمیت دنیا بھر میں اہلِ سنت کی تنظیموں، مدارس اور مشنری مراکز کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے خطابات، مناظرے اور علمی تصانیف کو دینی و فکری حلقوں میں خاصی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: برطانیہ کا شاہی نشان والے نئے پاسپورٹس جاری کرنے کا اعلان

ان کے وصال کی خبر پر برطانیہ، پاکستان اور دیگر ممالک کے مذہبی، سماجی اور علمی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا ہے۔ علما و مشائخ نے مرحوم کی دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی ہے۔

إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین و عقیدت مندوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

مزید خبریں