پیر,  08  ستمبر 2025ء
اسلام آباد: صحافی طیب بلوچ پر تشدد، پریس کلب آف پاکستان یوکے کی شدید مذمت
اسلام آباد: صحافی طیب بلوچ پر تشدد، پریس کلب آف پاکستان یوکے کی شدید مذمت

مانچسٹر(ندیم طاہر) اسلام آباد میں اڈیالہ جیل کے باہر صحافی طیب بلوچ پر ہونے والے تشدد کے واقعے کی پریس کلب آف پاکستان یوکے رجسٹرڈ نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ تنظیم نے اسے آزادی صحافت پر حملہ، جمہوری اقدار کی پامالی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

پریس کلب آف پاکستان یوکے کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اختلافِ رائے اور سوالات کرنا صحافت کی بنیاد اور جمہوری معاشروں کا حسن ہے، اور کسی بھی صحافی کو اس بنیاد پر تشدد کا نشانہ بنانا ناقابل قبول اور غیر جمہوری رویہ ہے۔

بیان میں متعلقہ سیاسی جماعت کی قیادت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس واقعے کا فوری اور سنجیدگی سے نوٹس لے اور اپنے کارکنان کو یہ پیغام دے کہ صحافیوں کے ساتھ تحمل، بردباری اور احترام کا سلوک روا رکھا جائے۔

پریس کلب نے حکومت پاکستان اور ریاستی اداروں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں، ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے، اور ملک بھر میں صحافیوں کے تحفظ کے لیے عملی و مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

پریس کلب آف پاکستان یوکے نے پاکستان بھر کے صحافیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عزم دہرایا کہ آزادی اظہار اور اختلاف رائے کے تحفظ کے لیے ان کی جدوجہد ہر سطح پر جاری رہے گی۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کارکنوں کا صحافی پر تشدد، علیمہ بی بی کی میڈیا ٹاک کا صحافیوں کی جانب سے بائیکاٹ

مزید خبریں