مانچسٹر( ندیم طاہر) 31 اگست بروز اتوار مانچسٹر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پرمسرت موقع پر ایک عظیم الشان جلوس نکالا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کی۔ جلوس کا آغاز دارالعلوم مسجد لانگ سائٹ سے کیا گیا، جہاں علما کرام اور مشایخ عظام نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ اور میلاد مصطفی ﷺ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
جلوس قادریہ جیلانیہ مسجد سے گزرتا ہوا مانچسٹر سینٹرل مسجد وکٹوریہ پارک پر اختتام پذیر ہوا۔ راستے بھر عاشقان رسول ﷺ نے درود و سلام کی صدائیں بلند کیں اور نعت خوانوں نے محبت و عقیدت سے لبریز کلام پیش کیے۔ جلوس میں بچے، نوجوان، خواتین اور بزرگ بڑی تعداد میں شریک ہوئے اور ہر طرف سبز پرچموں، جھنڈیوں اور بینرز کی بہار نظر آئی۔
مختلف مقامات پر شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ عوام الناس کے لیے جگہ جگہ لنگر اور سبیلوں کا انتظام کیا گیا، جبکہ کمیونٹی کی تنظیموں اور رضا کاروں نے جلوس کو منظم اور پرامن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ سڑکوں کو خوبصورت برقی قمقموں اور سبز پرچموں سے سجایا گیا تھا جس نے فضا کو روح پرور منظر عطا کیا۔
مانچسٹر کی مقامی انتظامیہ نے جلوس کے موقع پر خصوصی حفاظتی اقدامات کیے۔ پولیس اہلکار اور رضا کار سیکورٹی کے لیے مسلسل موجود رہے تاکہ جلوس کے شرکاء باحفاظت اس مبارک اجتماع میں شریک رہ سکیں۔
علمائے کرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ میلاد النبی ﷺ دراصل اس دن کی خوشی ہے جس دن اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب کو دنیا میں رحمت للعالمین بنا کر بھیجا۔ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں۔
جلوس کے اختتام پر مانچسٹر سینٹرل مسجد میں ایک عظیم الشان اجتماعی دعا ہوئی۔ اس موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کی سلامتی، اتحاد امت، اور پاکستان و برطانیہ کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
مزید پڑھیں: مانچسٹر: قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل کی صحافیوں سے پہلی ملاقات، کمیونٹی مسائل کے فوری حل کا عزم
یہ جلوس مانچسٹر کی تاریخ میں ایک یادگار دن کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہزاروں افراد کی شرکت نے واضح کیا کہ دیار غیر میں رہنے والے مسلمان بھی عشق رسول ﷺ سے سرشار ہیں اور اپنے بچوں کو یہی پیغام منتقل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔