نیویارک(روشن پاکستان نیوز) پاکستانی امریکن کمیونٹی آف یو ایس اے(PACUSA) کے زیراہتمام امریکہ کے شہر ایسٹ میڈو، نیویارک میں 78ویں یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ایک شاندار جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ رنگا رنگ اور ثقافتی تقریب اتوار 17 اگست 2025 کو شام 4 بجے آئزن ہاور پارک (Eisenhower Park) میں منعقد ہو گی۔ ایڈریس ہے: 1899 Hempstead Turnpike, East Meadow, NY 11554۔
تقریب میں شرکت بالکل مفت ہے اور ہر عمر کے افراد کے لیے دلچسپ سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ بچوں کے لیے گیمز، خواتین کے لیے شاپنگ اسٹالز، کپڑوں اور جیولری کی ورائٹی، مزیدار پاکستانی کھانوں کے اسٹالز اور فیملیز کے لیے مکمل تفریحی ماحول فراہم کیا جائے گا۔
تقریب میں قومی ترانوں، ملی نغموں، ثقافتی شوز، اور بچوں کے خصوصی پروگرامز کے ساتھ ساتھ کمیونٹی رہنماؤں کے خطابات بھی شامل ہوں گے۔ معروف فنکار بھی اس موقع پر پرفارم کریں گے جن کے نام جلد اعلان کیے جائیں گے۔ اس جشن میں نہ صرف پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا بلکہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی ایک خوبصورت کوشش بھی ہو گی۔
تقریب کے منتظمین سلمان شیخ اور عاصم ملک نے کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ اس قومی دن کو جوش و خروش سے منانے کے لیے بھرپور شرکت کریں۔ اسٹال بکنگ کے لیے سلمان شیخ (516-458-4632) یا عاصم ملک (718-747-0101) سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: یومِ شہدائے کشمیر پر نیویارک میں کشمیریوں کی مؤثر ڈیجیٹل مہم، بھارتی مظالم دنیا کے سامنے بے نقاب
یہ پروگرام نئی نسل کو آزادی کی قدر و اہمیت سے روشناس کرانے، حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینے اور کمیونٹی کے اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ PACUSA کی اس کوشش کو کمیونٹی کے تمام حلقوں میں سراہا جا رہا ہے۔