ریاض(روشن پاکستان نیوز) سعودی عرب کے ساحلی اور معاشی مرکز جدہ میں پاکستان بزنس فورم کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر فورم کے عہدیداران کا اعلان کیا گیا، جس کی صدارت معروف کاروباری شخصیت ملک منظور نے کی۔ اجلاس میں سردار اقبال کو فورم کا سرپرستِ اعلیٰ، چوہدری عبدالخالق لک کو چیئرمین، عقیل آرائیں کو صدر، انجینئر سجاد کو جنرل سیکریٹری اور انجم اقبال وڑائچ کو رابطہ سیکریٹری مقرر کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر عقیل آرائیں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان بزنس فورم پاک-سعودی تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں بھرپور کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فورم کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی تاجروں کو درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے۔
فورم کے چیئرمین چوہدری عبدالخالق لک اور جنرل سیکریٹری انجینئر سجاد نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزنس فورم کا مقصد ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جس پر پاکستانی تاجر آپس میں منسلک ہو سکیں، تجربات کا تبادلہ کریں اور سعودی عرب میں ہونے والی معاشی تبدیلیوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔
تقریب میں شریک کاروباری شخصیات نے فورم کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستانی بزنس کمیونٹی کو سعودی قوانین سے آگاہی حاصل ہو گی، جو کہ مقامی کاروباری ماحول میں بہتری اور ترقی کا ذریعہ بنے گی۔ انہوں نے فورم کی مستقبل کی سرگرمیوں کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان بزنس فورم کی کامیابی، اتحاد اور مؤثر کردار کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکاء نے فورم کے تحت مستقبل میں مشترکہ معاشی اقدامات اور تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔