پیر,  21 جولائی 2025ء
ڈفرنٹ ٹریک کرکٹ کلب نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کرکٹ لیگ (جدہ چیپٹر) جیت لی

جدہ (روشن پاکستان نیوز) – سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں ہونے والی پاکستان کرکٹ لیگ (پی سی ایل) جدہ چیپٹر کے سنسنی خیز فائنل میچ میں ڈفرنٹ ٹریک کرکٹ کلب نے زولٹیک کرکٹ ٹیم کو آخری اوور کی پانچویں گیند پر شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

فائنل میچ کی خاص بات ڈفرنٹ ٹریک کے اوپننگ بیٹسمین محمد جواد یونس کی شاندار بیٹنگ تھی جنہوں نے لگاتار تین چھکے لگا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

فائنل میچ میں ڈفرنٹ ٹریک نے ٹاس جیت کر زولٹیک کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس نے مقررہ اوورز میں 58 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں ڈفرنٹ ٹریک کی ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف مکمل کر کے فتح حاصل کی۔

پاکستانی قونصل جنرل جدہ خالد مجید نے کامیاب ٹیم کے اونر حاجی عثمان، کپتان جہانگیر خان اور تمام کھلاڑیوں کو قونصل خانہ جدہ میں چائے پر مدعو کیا اور وننگ ٹرافی پیش کی۔ اس موقع پر خالد مجید نے ڈفرنٹ ٹریک ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ سعودی عرب کے حتمی فائنل میں بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

ٹورنامنٹ میں جدہ کی آٹھ ٹیموں نے شرکت کی، جن میں سے ڈفرنٹ ٹریک، مودون البینہ، کبابش اور زولٹیک نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

پہلا سیمی فائنل کبابش اور زولٹیک کے درمیان کھیلا گیا، جہاں زولٹیک نے آخری گیند پر چھکا مار کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ دوسرا سیمی فائنل ڈفرنٹ ٹریک اور مودون البینہ کے درمیان ہوا، جس میں ڈفرنٹ ٹریک نے تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

فاتح ٹیم کے اونر حاجی عثمان نے ٹیم کی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ ان کی ٹیم آئندہ مرحلوں میں بھی اسی جذبے سے کھیلتی رہے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ لیگ کا اگلا مرحلہ دمام، ریاض اور مدینہ منورہ میں منعقد ہو گا۔

مزید خبریں