هفته,  19 جولائی 2025ء
لندن میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ اوورسیز کا ہنگامی اجلاس: یوتھ ونگ کی تحلیل کا نوٹیفکیشن مسترد، بیرسٹر امجد ملک سے استعفیٰ کا مطالبہ

لندن (روشن پاکستان نیوز): مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ اوورسیز کے 25 ممالک کے عہدے داران کا اہم اجلاس، یوتھ ونگ کی تحلیل کے نوٹیفکیشن کو مسترد کر دیا گیا

لندن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ اوورسیز کے عہدے داران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں دنیا بھر کے 25 ممالک سے صدور، جنرل سیکرٹریز اور کارکنان نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ اوورسیز رانا محمد افتخار نے کی۔ اجلاس میں قائد عوام میاں محمد نواز شریف کے نام سے جاری مبینہ نوٹیفکیشن، جس میں یوتھ ونگ کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، کو مسترد کر دیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ نوٹیفکیشن کی نہ تو کسی اعلیٰ قیادت نے تصدیق کی ہے اور نہ ہی کیپٹن (ر) صفدر، انجم عقیل خان یا کسی رکن قومی و صوبائی اسمبلی نے اس فیصلے کی توثیق کی۔ اجلاس میں یہ سوال اٹھایا گیا کہ اگر یوتھ ونگ کو ختم کرنا تھا تو نوٹیفکیشن مسلم لیگ ن کی میڈیا ٹیم کے ذریعے جاری کیا جاتا، نہ کہ بیرسٹر امجد ملک جیسے متنازعہ شخصیت کے ذریعے۔

عہدیداران نے الزام لگایا کہ بیرسٹر امجد ملک نے پارٹی میں غیر قانونی بھرتیاں کیں اور او پی سی کے ذریعے پلاٹوں اور تعیناتیوں کے معاملات میں مالی فوائد حاصل کیے، جن کے شواہد بھی موجود ہیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بیرسٹر امجد ملک نے پارٹی کو نقصان پہنچایا اور اب خودساختہ نوٹیفکیشن جاری کر کے یوتھ ونگ کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔

یوتھ ونگ اوورسیز کے صدر انجم چوہدری اور جنرل سیکرٹری رانا افتخار نے تمام ممالک کے کارکنان کو پیغام دیا کہ وہ اپنا موقف قائدین کے سامنے رکھیں اور احتجاج ضرور کریں لیکن ایسا کوئی عمل نہ ہو جس سے ملک دشمن عناصر خصوصاً پی ٹی آئی کو فائدہ پہنچے۔

اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ 17 اگست کو اوورسیز مسلم لیگی کارکنان کا بڑا اجتماع منعقد ہوگا، جس میں ڈپٹی پرائم منسٹر اسحاق ڈار کی آمد پر بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔ تمام اوورسیز ونگز بشمول خواتین، وکلا اور علما ونگز سے بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔

جنرل سیکرٹری برطانیہ سیف خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک امجد جیسے افراد پارٹی کو بدنام کر رہے ہیں اور اوورسیز کارکنان کی جدوجہد کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ بیرسٹر امجد ملک کو فوری طور پر پارٹی عہدوں سے ہٹایا جائے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ مسلم لیگ (ن) کو اندرونی سازشوں سے بچایا جا سکے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوتھ ونگ کو تحلیل کرنے کی سازش کے خلاف بھرپور مہم چلائی جائے گی اور قیادت سے اپیل کی گئی کہ پارٹی میں موجود مفاد پرست عناصر کو بے نقاب کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

مزید خبریں