جدہ (محمد عدبل) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں پاکستان مسلم لیگ ن سعودی عرب کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور فوکل پرسن وزیر اعظم یوتھ پروگرام ملک منظور حسین اعوان کی سالگرہ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ یہ تقریب جدہ کے ایک مقامی ہوٹل میں معروف سماجی و کاروباری شخصیت ملک ولید بہادر کی جانب سے منعقد کی گئی جس میں بڑی تعداد میں سیاسی، سماجی رہنماؤں اور صحافیوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان ملک ولید بہادر نے کہا کہ ملک منظور حسین اعوان ان کے بڑے بھائیوں کی طرح ہیں اور آج ان کی سالگرہ کا دن ان کے لیے ذاتی خوشی کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں رہتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ محبت، اخوت اور بھائی چارے کا رشتہ برقرار رکھنا بہت ضروری ہے اور یہی ہماری اصل پہچان ہے۔
مہمانِ خصوصی ملک منظور حسین اعوان نے تقریب کے انعقاد پر میزبان ولید بہادر اور تمام ساتھیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع ان کے لیے اس لیے بھی خاص ہے کہ اتنی محبتوں کے ساتھ ان کی سالگرہ منائی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ایک خاندان کی مانند ہیں، جنہیں ایک دوسرے کی خوشی و غم میں شریک ہونا چاہیے۔
تقریب میں چیئرمین مسلم لیگ ن سعودی عرب عبد الشکور راجپوت، ممبر مجلس عاملہ و نائب صدر جدہ بشارت علی سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ آخر میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ملک منظور حسین اعوان کو مبارکباد دی گئی۔ اس موقع پر شرکاء کی پرتکلف عشائیے سے تواضع کی گئی اور محفل خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔