جدہ (محمد عدیل) — پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما، ضلعی صدر اور کنوینئر N.A.68 منڈی بہاوالدین چوہدری مشاہد رضا چیلیانوالہ نے جدہ کے ایک مقامی ہوٹل میں سعودی عرب کی اہم شخصیات سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جمعیت علمائے اسلام سعودی عرب کے سربراہ انجینیئر سجاد خان، مسلم لیگ سعودی عرب کے صدر عبد الخالق لک، اور وائس چیئرمین عبد الشکور راجپوت سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری ملک منظور بھی موجود تھے جنہوں نے پارٹی کی قومی و عوامی فلاحی پالیسیوں کو اجاگر کیا اور کہا کہ مسلم لیگ ن قیادت ملک میں ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ملک منظور نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارٹی کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور سعودی عرب میں مسلم لیگ کی قیادت کو پارٹی سے مضبوط روابط قائم رکھنے کی ترغیب دی۔
چوہدری مشاہد رضا نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے رابطے جماعت کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو بہتر طور پر اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب میں مسلم لیگ ن کے ساتھ وابستگی اور خلوص کو سراہا اور مزید تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ ملاقات مسلم لیگ ن کی بیرون ملک پاکستانیوں کے ساتھ قریبی روابط اور ان کے مسائل کے حل کے لیے کام کرنے کے عزم کو مضبوط کرتی ہے۔