جدہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے زیرِ اہتمام شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کی تقریب

جدہ (روشن پاکستان نیوز) سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے زیرِ اہتمام شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب جدہ کے معروف کبابش ریسٹورنٹ میں منعقد ہوئی، جس میں پارٹی رہنماؤں، کارکنان اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کی نظامت کے فرائض آفتاب ترابی نے انجام دیے۔ اس موقع پر سردار اشفاق، اسد اکرم، امیر محمد خان سمیت دیگر مقررین نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی جمہوری خدمات، عوامی جدوجہد اور قربانیوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ شہید بے نظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر جمہوریت، خواتین کے حقوق اور اقلیتوں کی نمائندہ بن کر ابھریں اور ان کی جدوجہد ہمیشہ تاریخ کا روشن باب رہے گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے صدر چوہدری تصور نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اپنی شہید قائد پر فخر ہے، جنہوں نے آمریت کے خلاف بہادری سے مقابلہ کیا اور عوامی حقوق کی جنگ لڑی۔ انہوں نے کہا کہ آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی والدہ کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کا مؤثر مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر بھارت کی آبی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔

تقریب کے اختتام پر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکاء نے عہد کیا کہ شہید بی بی کے مشن کو جاری رکھا جائے گا اور ایک مضبوط، پرامن اور جمہوری پاکستان کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

مزید خبریں