ٹوکیو (روشن پاکستان نیوز): سفارتخانہ پاکستان ٹوکیو کے زیر اہتمام حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران آپریشن “بنیان المرصوص” میں پاکستانی افواج کی جرات مندانہ کامیابی پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفارتخانے کے قائم مقام سفیر طلحہ بن خالد نے کہا کہ یہ کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا،
“پاکستانی عوام نے اتحاد و یکجہتی سے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ وہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کو قبول نہیں کریں گے۔ ہماری افواج نے وطن کا دفاع کرتے ہوئے سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن ہمیشہ رات کی تاریکی میں وار کرنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن اسے اب یہ احساس ہو چکا ہے کہ پاکستان کی شیر دل افواج ملکی سرحدوں اور عوام کی حفاظت کے لیے ہر دم چوکس اور تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کو بھرپور جواب دے کر پاک فوج نے بھارت کی نام نہاد پروپیگنڈہ پر مبنی بزدلانہ حرکت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔
اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ
“پاکستان ہماری پہچان اور ہماری جان ہے۔ پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔”
تقریب میں حافظ مہر شمس، انعام الحق، ثاقب الرحمٰن، ملک یونس، شاہد مجید ایڈووکیٹ سمیت جاپان میں مقیم کئی ممتاز کاروباری و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔