لیڈز (زاھدانور مرزا) — لیڈز کے تاریخی سوک ہال میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف عالم دین اور بین الاقوامی قانون دان ڈاکٹر امام قاری عاصم کی کمیونٹی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس تقریب کی میزبانی لیڈز کی لارڈ میئر، کونسلر ابیگیل مارشل کاتُنگ نے کی، جس میں برطانیہ بھر سے سیاسی، سماجی، مذہبی، اور صحافتی شخصیات سمیت وکلاء اور کونسلرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مقررین نے قاری عاصم کی تین دہائیوں پر محیط خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مذہبی قیادت کے ساتھ ساتھ قانونی، سماجی، تعلیمی، اور بین المذاہب ہم آہنگی کے میدانوں میں بھی قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔ ان کا وژن اور انتھک محنت معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنی ہے۔
ڈاکٹر قاری عاصم نہ صرف لیڈز کی ایوارڈ یافتہ مکہ مسجد کے سینئر امام ہیں، بلکہ ایک عالمی شہرت یافتہ وکیل بھی ہیں، جنہوں نے کمرشل ریئل اسٹیٹ میں ملین پاؤنڈز کے منصوبوں پر بین الاقوامی سطح پر کام کیا ہے۔ وہ 25 سے زائد قومی و بین الاقوامی اداروں سے وابستہ ہیں، جن میں اقوام متحدہ اور دیگر عالمی مشاورتی بورڈز شامل ہیں۔
قاری عاصم کو ان کی خدمات کے اعتراف میں متعدد قومی و بین الاقوامی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔ تقریب کا مقصد ان کے ہمہ جہت کردار کو سراہنا اور آئندہ نسلوں کے لیے ایک مثالی رول ماڈل کے طور پر پیش کرنا تھا۔