ریاض (وقار نسیم وامقٓ) ایلیٹ فورم ریاض برانچ کی جانب سے ایک خوبصورت اور پُررونق عید ملن تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد ریاض کی کمیونٹی کو ایلیٹ فورم کے مشن اور وژن سے متعارف کروانا تھا۔
تقریب کی میزبانی ایلیٹ فورم کی بانی جویریہ اسد نے کی، اس موقع پر انہوں نے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے فورم کی سابقہ سرگرمیوں اور سماجی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایلیٹ فورم خواتین کا سماجی، تعلیمی اور کاروباری پلیٹ فارم ہے جو 2013 سے سعودی عرب کے مشرقی ریجن میں کمیونٹی کے لئے خدمات سرانجام دے رہا ہے اب اس کا دائرہ کار ریاض تک وسیع کر دیا گیا ہے۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی کولمبیئن بزنس کنسلٹنٹ کیٹالینا گولازاویس نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس طرح کی تقریبات ثقافتی تبادلے اور باہمی تعاون کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتی ہیں۔
معروف سماجی شخصیت اور ریاضیتس کی بانی اسماء ماجد نے بطور سپورٹنگ پارٹنر تقریب میں شریک تھیں۔
تقریب سے زینت شہاب، سعدیہ ظفر، ڈاکٹر فرح نادیہ، سحر عدنان اور فرحین فراز نے بھی خطاب کیا اور اپنے سماجی اور کاروباری تجربات سے سامعین کو آگاہ کیا۔
تقریب میں خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی جبکہ رنگا رنگ تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا جس نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا، ا س موقع پر مقررین کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا اور تمام مہمانوں کو خصوصی تحائف پیش کیے گئے جبکہ زینت شہاب کا تیار کردہ خوبصورت عید کیک بھی کاٹا گیا۔