جدہ (نمائندہ خصوصی) — سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں معروف پاکستانی غزل گائیک اور تمغہ امتیاز یافتہ فنکار غلام عباس کے اعزاز میں ایک یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب پاکستانی بزنس مین اور سماجی شخصیت عقیل آرائیں کی جانب سے سجائی گئی، جس میں بڑی تعداد میں موسیقی سے لگاؤ رکھنے والے افراد کے ساتھ ساتھ شہر کی ممتاز کاروباری و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کی نظامت کے فرائض انجم اقبال وڑائچ نے انجام دیے جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے غلام عباس نے شرکت کی۔ پیپلز پارٹی سعودی عرب کے نائب صدر ملک جاوید مہمانِ خاص تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک جاوید، چوہدری ظہیر، عبد الخالق لک اور صائمہ چوہدری نے غلام عباس کو عمرہ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اُن کی فنکارانہ خدمات کو سراہا۔ مقررین نے کہا کہ غلام عباس کی غزل گائیکی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مقبول ہے اور وہ فنِ موسیقی کا روشن ستارہ ہیں۔
تقریب کے میزبان عقیل آرائیں نے اپنے خطاب میں کہا کہ “غزل گائیکی ایک مشکل فن ہے جس کے لیے برسوں کی محنت اور ریاضت درکار ہوتی ہے۔ غلام عباس نے اپنی لگن سے جو مقام حاصل کیا، وہ نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی تقریبات کا مقصد ان فنکاروں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے اپنی زندگی فن کے لیے وقف کر دی۔
غلام عباس نے اپنی گفتگو میں تمام منتظمین، بالخصوص عقیل آرائیں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی محبت اور عزت نے بے حد متاثر کیا ہے، اور وہ یہاں سے خوبصورت یادیں ساتھ لے جا رہے ہیں۔
تقریب میں شریک دیگر نمایاں شخصیات میں چوہدری ریاض گھمن، شعیب الطاف، جہانگیر خان، مرزا مدثر، احمد خان سواتی، شباب بھٹہ، جناب یامین، میاں محی الدین، خالد نواز چیمہ، ملک محمد جاوید، یحییٰ اشفاق، عمران خان، عادل خورشید، سلیم خان، عمر نذیر جٹ، ماجد کہلون، افتخار چیمہ اور ملک فہیم شامل تھے۔
یہ تقریب فن و ثقافت سے محبت رکھنے والوں کے لیے ایک یادگار لمحہ ثابت ہوئی، جس نے جدہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کو ایک بار پھر فنکاروں کی خدمات کو سراہنے کا موقع فراہم کیا۔