هفته,  05 اپریل 2025ء
ذوالفقار علی بھٹو شہید کا وژن پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ ہے: پی پی پی ریاض ریجن

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں ذوالفقار علی بھٹو شہید کی برسی کے حوالے سے پیپلز پارٹی ریاض ریجن کے عہدیداروں کی جانب سے اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت پی پی پی ریاض ریجن کے صدر احسن عباسی نے کی، مہمانِ خصوصی محمد خالد رانا تھے جبکہ نظامت کے فرائض وسیم ساجد نے ادا کئے۔

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محمد خالد رانا کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کا وژن پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ہمیں پارٹی کو بھٹو شہید کے وژن کے مطابق دورِ جدید کے تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے موئثر انداز میں منظم کرنا ہوگا۔

احس عباسی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے، ذوالفقار علی بھٹو عوامی لیڈر تھے جنھوں نے اپنے دور اقتدار میں پاکستان کو آئین دیکر ملک کو نئی سمت بخشی اور ایٹمی طاقت بننے کی بنیاد رکھی اور ایسے بے شمار کام کئے جو آج تک ملکی تاریخ میں مثال کی حیثیت رکھتے ہیں۔

اجلاس میں قاضی اسحاق میمن اور سردار عبدالرزاق نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم ذوالفقار علی بھٹو شہید کی خدمات کو فراموش نہیں کر سکتے، انہوں نے عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کی اور ملک کو نئی سمت پر گامزن کرنے کے لئے لازوال اور بے مثال قربانی دی۔

فرح احسن نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو عظیم رہنما تھے ان کی مدبرانہ سوچ کی بدولت پیپلز پارٹی کا قیام عمل میں آیا اور پیپلز پارٹی نے مزدوروں اور کسانوں کو ان کے حقوق دئیے، پسے ہوئے طبقوں کو بااختیار بنایا اور پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے افکار کے مطابق فلاحی ریاست بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے۔

وسیم ساجد نے اپنے خطاب میں سابق وزیراعظم پاکستان شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور عوامی فلاح قائدِ عوام شہید بھٹو کا مشن تھا جسے ہر صورت جاری رکھا جائے گا، ان کا مزید کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دورِ حکومت میں سٹیل ملز اور قومی پیداواری ادارے بنے اور ملک کے پہلے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی گئی جس کی بدولت آج پاکستان دنیا کے اہم ترین ممالک کی صف میں کھڑا ہے، ہم آج بھی بھٹو شہید کے کامیاب پاکستان کے اسی مشن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔

اجلاس سے اویس مغل، شریف بلوچ بھٹو، ہدایت اللہ خان اور دیگر نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ اس موقع پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ایصالِ ثواب کے لئے دعاء بھی کی گئی۔

مزید خبریں