جمعرات,  03 اپریل 2025ء
اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کی اولین ترجیح ہے: غلام مصطفیٰ ملک فوکل پرسن اوورسیز پاکستانیز

ریاض (وقار نسیم وامق) پاکستان مسلم لیگ (ن) ریاض ریجن کے صدر عدنان اقبال بٹ کی جانب سے پاکستان سے تشریف لانیوالے وزارتِ اوورسیز پاکستانیز اور وزارتِ مذہبی امور کے فوکل پرسن غلام مصطفیٰ ملک کے اعزاز میں عشائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہتمم صدر عالمی حلقہء فکر و فن اور قائم مقام صدر پاک میڈیا فورم وقار نسیم وامقٓ تھے جبکہ تقریب میں سفارت خانہ پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ افراد نے بھرپور شرکت کی۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ریاض ریجن کے صدر عدنان اقبال بٹ کی جانب سے دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے فوکل پرسن غلام مصطفیٰ ملک کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیز ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں، وزارتِ اوورسیز پاکستانیز ان کے مسائل کے حل اور ہرممکن سہولیات مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

اس موقع پر غلام مصطفی ملک نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے اوورسیز کورٹس کا قیام شہباز شریف حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے جس کے تحت 30 دن کے اندر کاروائی مکمل ہوگی علاوہ ازیں جائیدادوں سے متعلق مسائل ای فائلنگ کے ذریعے ممکن ہونگے۔

غلام مصطفی ملک نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کی بھرپور یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کی اولین ترجیح ہے، او پی ایف اور نیب کے درمیان بھی ایک معاہدہ حتمی مرحلے میں ہے جس سے اوورسیز پاکستانیوں سے فراڈ کرنے والوں سے نمٹا جائے گا جبکہ ائیرپورٹ پر سہولیات ڈیسک بھی قائم کئیے جا رہے ہیں اور موبائل فونز سے متعلق پی ٹی اے کے قانون میں بھی نرمی متوقع ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ (ن) ریاض ریجن انجینئیر عدنان اقبال بٹ کا کہنا تھا کہ وفاقی وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے اقدامات حوصلہ افزا ہیں حال ہی میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے سعودی عرب کا اہم دورہ کیا، وہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس ضمن میں مثبت اقدامات کر رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کے معاملات کو مقدم رکھا گیا اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

عدنان اقبال بٹ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ قیادت پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا قیام انتہائی خوش آئند ہے اور بیرسٹر امجد ملک کی زیرِ نگرانی پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن انتہائی سنجیدگی سے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے۔

تقریب سے وقار نسیم وامق، مرزا منیر بیگ، مخدوم امین تاجر، چوہدری سجاد علی جٹ، قاضی محمد اسحاق میمن، مرزا احمد بیگ اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ معروف شاعر کامران حسانی نے جذبہء حب الوطنی سے بھرپور اشعار پیش کئے اور خوب داد حاصل کی۔

مزید خبریں