ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں مسلم لیگ ن کی جانب سے یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء نے قومی نغمے گائے اور سبز ہلالی پرچم لہرا کر وطن عزیز سے اپنی لازوال محبت کا اظہار کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ایک عظیم مملکت ہے اسکی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمہ وقت ملکر کام کریں گے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں مسلم لیگ ن سعودی عرب کی جانب سے منعقدہ یوم پاکستان کی تقریب میں لیگی عہدیداروں اور اراکین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر شرکاء نے قومی نغمے گائے اور سبز ہلالی پرچم لہرا کر وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد، صدر ریاض ریجن عدنان اقبال بٹ، جنرل سیکرٹری مرزا منیر بیگ، چوہدری سجاد علی، شہلاء عدنان، صدر یوتھ ونگ جی ایم اعوان کا کہنا تھا کہ ہم شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنھوں نے پاکستان کا خواب دیکھا اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں اس خواب نے حقیقت کا روپ دھارا اور ایک عظیم اسلامی فلاحی ریاست وجود میں آئی ہم اس عزم کا عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو ترقی کی منازل طے کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
یوم پاکستان کی تقریب سے میاں جمیل ربانی، عبداللطیف، امین تاجر اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ آخر میں یوم پاکستان کا کیک بھی کاٹا گیا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ