ریاض ( وقار نسیم وامق) سفارت خانہ پاکستان سعودی عرب میں یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے پرچم کشائی کی اور اپنے خطاب میں قائداعظم کے فرمان کے مطابق ایمان،اتحاد اور نظم کو اپنانے کا درس دیا۔
سعودی دارالحکومت ریاض کے سفارت خانہ پاکستان میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سفارتی افسران سمیت تینوں مسلح افواج کے افسران بھی شریک تھے ۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے پرچم کشائی کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان انتہائی جدوجہد کے نتیجے میں وجود میں آیا اس کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کے لیے پوری قوم کو قائداعظم کے فرمان کے مطابق ایمان، اتحاد اور نظم کے مطابق آگے بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کا ایک اہم ملک ہے جس کی عوام باصلاحیت اور انتہائی محنتی ہیں جو پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کو منوا رہے ہیں اور ہم آج کے دن اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یاد کرتے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھی آزاد ہوگا۔
مزید پڑھیں: پاکستان اپنی منفرد اور الگ پہچان رکھتا ہے، عظمیٰ بخاری
سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے پاک سعودی تعلقات کے حوالے سے کہا کہ ہر گزرتے وقت کے ساتھ پاک سعودی تعلقات مضبوط اور مستحکم ہو رہے ہیں۔
تقریب میں صدر پاکستان آصف زرداری, وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے جنہیں بالترتیب سفارتی افسران ذوالقرنین چھینہ، شفیق احمد اور مواحد کیانی نے پڑھ کر سنایا جبکہ تقریب کی نظامت کے فرائض ہیڈ آف چانسری محسن سیف اللہ نے بخوبی سرانجام دئیے