ریاض (وقار نسیم وامقٓ) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی نوجوانوں کی متحرک سماجی تنظیم “یوتھ فورم” کے زیرِاہتمام “رمضان اور نوجوان”کے عنوان سے استقبالِ رمضان یوتھ کنونشن کا اہتمام کیا گیا جس میں نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی جبکہ مقررین نے انتہائی موئثر انداز سے رمضان المبارک کی اہمیت، فضائل اور برکات پر روشنی ڈالی۔
استقبالِ رمضان یوتھ کنونشن کی صدارت یوتھ فورم کے صدر محمد ابراہیم جٹ نے کی، مہمانِ خصوصی سرپرستِ اعلیٰ یوتھ فورم سید ثاقب زبیر تھے جبکہ نظامت کے فرائض توصیف احمد نے خوش اسلوبی سے سرانجام دئیے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا جس کی سعادت سلمان بخش کو حاصل ہوئی جبکہ ہدیہء نعتِ رسول کریمٌ سید محمد بن ثاقب اور سید ابراہیم بن ثاقب نے پیش کیا۔
صدر یوتھ فورم محمد ابراہیم جٹ نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے تمام حاضرین کو ماہِ رمضان کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ مبارک مہینہ اجر و ثواب کمانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے اور ہمیں اللہ کے فضل و کرم سے یہ موقع مل رہا ہے کہ ہم اس ماہ کی تمام تر نعمتوں سے فیض یاب ہوجائیں، ہمیں چاہیئے کہ اس ماہ میں ہم بطورِ خاص قرآنِ پاک کو ترجمہ کے ساتھ سمجھ کر پڑھیں،باجماعت نماز کو اپنا معمول بنائیں اور زیادہ سے زیادہ وقت عبادات میں گزاریں تاکہ اس مہینہ میں زیادہ سے زیادہ اجر و ثواب کما سکیں اور آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سے تشریف لانیوالے دارِ ارقم سکول اور رفاہ یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈائریکٹر نوجوان سکالر ڈاکٹر عبداللہ مدثر نے کہا کہ رمضان المبارک نزولِ قرآن کا مہینہ ہے، یہ مبارک مہینہ ہمیں قرآن کی تعلیمات پر عمل کرنے اور خاص طور پر تقویٰٰ اختیار کرنے کا درس دیتا ہے جس سے ہم اپنے قلب و روح، شعور و آگہی، عزم و ارادہ، نظم و ضبط اور کردار و عمل کی استعداد کو بڑھا سکتے ہیں۔
یوتھ فورم کے نائب صدر ملک ریاض شاکر نے نوجوانوں کو ایک پریزنٹیشن کے ذریعے رمضان المبارک میں روز و شب گزارنے کا بہترین طریقہ کار پیش کیا جسے ایک باقاعدہ ٹائم ٹیبل کے طور پر اپناتے ہوئے نوجوان رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ عبادات کی جانب راغب ہو سکتے ہیں۔
کنونش کے مرکزی مقرر معروف سکالر ڈاکٹر شعیب بدر نے “رمضان المبارک اور نوجوان” کے موضوع پر ایک مفصل لیکچر پیش کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک اپنے نام کی مناسبت سے ایک انتہائی بابرکت مہینہ ہے اور نوجوانوں کے لئے اس میں سب سے بڑا انعام اس یقین کا ہے جو مایوسی، شبہات اور شہوات کا خاتمہ کرکے انہیں پرعزم اور کامیاب بنا دے،۔
اس موقع پر شجاع نئیر نے اپنے خبصورت ترنم میں کلامِ اقبال پیش کیا جسے سامعین نے بے حد سراہا۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب میں آج رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی امید
تقریب کے مہمانِ خصوصی اور یوتھ فورم کے سرپرستِ اعلیٰ سید ثاقب زبیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں ہر حال میں احکامِ الہیٰ پر عمل کرنا ہے، اللہ کی کبریائی بیان کرنی ہے، اللہ کا نام ہمیشہ بلند اور غالب رہے گا، رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ ہمیں تزکیہ نفس، تقویٰ اور پرہیزگاری اختیار کرنے کا درس دیتا ہے، تقویٰ دراصل خیر سے رغبت اور شر سے نفرت کا نام ہے۔
سید ثاقب زبیر نے مزید کہا کہ اس مبارک مہینے میں ہم اللہ کی محبت کو اپنے دل میں بسا کر اور ماہِ صیام کے آداب کو اپنا کر اپنی زندگی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
تقریب کے اختتام سے پہلے استاد اور مدرس قاری فضل الرحمن نے دعائے خیر کروائی جبکہ آخر میں کنونشن کے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔