لاہور(روشن پاکستان نیوز) چینی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے کا اضافہ ہو گیا۔
50 کلوگرام چینی کے تھیلے کی قیمت 300 روپے تک بڑھ گئی۔ اس اضافے کے بعد 50 کلوگرام چینی کے تھیلے کی قیمت 6750 روپے تک پہنچ گئی۔
ہول سیل مارکیٹ میں دکانداروں کو چینی 135 روپے فی کلو کے حساب سے مل رہی ہے،اس طرح چینی کی فی کلو قیمت بھی چھ روپے تک بڑھ گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 2024ء میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا، گزشتہ سال کے آغاز میں شہریوں نے انتہائی مہنگا آٹا خریدا لیکن سال کے آخر تک آٹے کی قیمت میں 45 روپے فی کلو کمی ہوئی۔
ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ سال کے آغاز پر فائن آٹا 142 روپے کلو جبکہ چکی کا آٹا 150 روپے کلو تک پہنچ گیا تھا، سال کے آخر ماہ تک فائن آٹے کی قیمت میں 48 روپے کمی سے قیمت 94 روپے کلو، چکی کا آٹا 45 روپے سستا ہو کر فی کلو 105 روپے کی سطح پر آ گیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج ، کاروبار میں تیزی، ڈالر سستا ہو گیا
ایسوسی ایشن کے چیئرمین روف ابراہیم کے مطابق سال 2024 میں گھی اور تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوا، فی کلوگرام/لیٹر کھلے تیل، برانڈڈ تیل اور گھی کی قیمتیں 100 روپے سے زائد بڑھیں،
ہول سیل مارکیٹ میں کھلا تیل 114 روپے اضافے سے 480 روپے اور برانڈڈ تیل 125 روپے اضافے سے 550 روپے کلوگرام کی سطح پر پہنچ گیا۔