بدھ,  11 دسمبر 2024ء
ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 20 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 20 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلامیے کے مطابق پاکستان کے لئے بیس کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی گئی ہے۔ رقم پاکستان میں پاور ڈسٹری بیوشن کے نظام کی جدت پر خرچ کی جائے گی۔

اس سے بجلی تقسیم کا نظام جدید اور قابل اعتماد ترسیل بہتر بنانے میں مدد ملے گی،ابتدائی مرحلے میں 3 بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو تعاون فراہم کیا جائے گا، لیسکو، میپکو اور سیپکو اپنے ریجنز میں پائیدار توانائی کیلئے موثر کردار ادا کریں گی۔

اے ڈی بی کے اعلامیے کے مطابق منصوبے کے تحت تین لاکھ سے زائد ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر لگائیں گے، ڈیٹا مینجمنٹ اور کمیونیکیشن سسٹمز کی تنصیب بھی منصوبے کا حصہ ہے۔

اس منصوبے کے تحت ساڑھے 15 ہزارسے زائد آن لائن ٹرانسفارمرز پر مانیٹرنگ سسٹمز لگائیں جائیں گے، سسٹم لاہور، ملتان اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنیز میں نصب کیے جائیں گے،سیپکو کے 4گرڈ اسٹیشنز کا وولٹیج 66 کے وی سے 132 کے وی کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: آئی ایم ایف کے پاکستان کے ساتھ مذاکرات مثبت قرار، اعلامیہ جاری

لیسکو میں کم از کم 25 گرڈ اسٹیشن تعمیر اور جدید بنائے جائیں گے، ان گرڈ اسٹیشنز میں اہم اور جدید آلات بھی فراہم کیے جائیں گے، زیادہ نقصانات والے 11 کے وی فیڈر کو جدید کیبلز سے تبدیل کیا جائے گا، اس کے علاوہ نقصانات والے فیڈر لائن کی ترتیب بھی بہتر کی جائے گی۔

ترسیلی نظام مضبوط بنانے کا مقصد بجلی کی بڑھتی طلب پوری کرنا ہے، ترسیلی نظام کو اپ گریڈ اور جدید بنانا بھی منصوبے کا اہم مقصد ہے، اس منصوبے سے تقسیم کار کمپنیوں کی پائیدار بجلی فراہم کرنے کی استعداد میں اضافہ ہوگا۔

مزید خبریں