هفته,  23 نومبر 2024ء
افریقہ میں اپنی نوعیت کا انوکھا ائیرپورٹ،میرپورمیں بھی کم ازکم ایسا بنانے کا مطالبہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)’’چلو بڑا نہیں میرپور میں اتنا ہی ایئرپورٹ بنا دو‘‘ یہ الفاظ سوشل میڈیا پر ایسے وقت میں وائرل ہو رہے ہیں جب سوشل میڈیا صارفین کی نظر سے ایک ویڈیو گزری ہے جس میں ایک انڈین سیاہ جوڑا افریقہ کے ایک شہر مساعی مارا میں ایئرپورٹ کے مناظر اپنے کیمرے میں فلم بند کر کے اسے فیس بک پر اپ لوڈ کر دیا۔

ویڈیو میں بھارتی سیاح  جوڑے کو یہ کہتے اور دیکھتے سنا جا سکتا ہے کہ یہ انوکھا ایئرپورٹ کینیا کے ایک شہر مساعی مارا میں واقع ہے۔

اگر ایئرپورٹ کی بات کی جائے تو ایئرپورٹ بالکل کچا ہے جبکہ وہاں پر ایک جھونپڑا بنا ہوا ہے جس میں امیگریشن کے کچھ حکام موجود ہیں جو آنے اور جانے والے مسافروں کی ضروری کاغذی کاروائی کے امور سرانجام دیتے ہیں۔

جبکہ اسی جھونپڑی نما دفتر کے ساتھ ایک اور بھی جھونپڑی ہے جہاں پر لکڑی کے ٹوٹے پھوٹے سے تین سے چار بینچ رکھے ہوئے ہیں جسے انتظار گاہ کا نام دیا گیا ہے۔

انتظار گاہ کی  نہ تو کوئی دیواریں ہیں نہ ہی وہاں پر کوئی پینے کا پانی موجود ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ ایئرپورٹ پر ایک ٹک شاپ ضرور موجود ہے جہاں پر کھانے پینے کی کچھ چیزیں دستیاب ہیں اور سیاہ یا مسافر وہاں سے ضروری اشیاء استعمال پیسوں سے خرید سکتے ہیں۔

اسی طرح وہاں پر بغیر چھت کے کھلے آسمان تلے ڈیوٹی فری شاپس بھی موجود ہیں جہاں پر مقامی افراد نے اپنے ہاتھوں سے بنائی ہوئی اشیاء فروخت کے لیے سجا رکھی ہیں۔

اس دلچسپ اور انوکھے ایئرپورٹ کو دیکھ کر دماغ میں عجیب و غریب خیالات آتے ہیں۔

ایک ایسا ایئرپورٹ جہاں رن وے بھی موجود نہیں ہے تمام ایریا مکمل طور پر کچا ہے اور کسی کسی جگہ سے پتھریلا بھی ہے۔

ویڈیو میں بظاہر دیکھا جا سکتا ہے کہ زیادہ تر سیاح  اس ایئرپورٹ کو استعمال کرتے ہیں جو کینیا کے جنگلات میں سیر کے لیے آتے ہیں۔

تاہم اس ایئرپورٹ کو کمرشل یا دیگر مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جاتا جبکہ اس ایئرپورٹ پر لینڈ ہونے والے طیارے بھی چھوٹے ہیں جس میں زیادہ سے زیادہ 15 سے 20 مسافر سفر کر سکتے ہیں۔

ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کے دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں ۔

ایک پاکستانی صارف نے تو یہ تک کہہ دیا کہ ہماری حکومت کو چاہیے اگر اور کچھ نہیں کر سکتی کم از کم اتنا ایئرپورٹ ہی میرپور میں بنا دے۔

صارف کے اس کمنٹ کو کچھ افراد نے تو خوب سراہا اور لطف اندوز ہوئے جبکہ کچھ نے ان کی تقلید بھی کی کہ بالکل اگر حکومت بڑا ایئرپورٹ نہیں بنا سکتی تو کم از کم اتنا ایئرپورٹ ہی بنا دے تاکہ انے جانے والوں کو آسانی ہو اور اس جدید دور میں وقت بھی بچایا جا سکے۔

مزید خبریں