جمعرات,  05 دسمبر 2024ء
برطانیہ میں نسلی امتیاز اور اسلاموفوبیا کیخلاف مل کر کام کرنا ہوگا،صادق خان

مانچسٹر(شہزادانورملک سے)مانچسٹر میں معروف کاروباری شخصیت انیل مسرت نے بزنس کمیونٹی کے اعزاز میں ایک پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزمعروف کاروباری شخصیت انیل مسرت نے بزنس کمیونٹی کے اعزاز میں ایک پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا۔

عشائیے میں میئر لندن صادق خان، امیدوار لیبر پارٹی ناز شاہ سمیت پاکستانی اور ایشیائی بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسلام ایک پرامن دین ہے، ہمیں غیر مسلموں کا دل اپنے حسن اخلاق، محبت اور محنت سے جیتنا ہوگا جبکہ چیرٹی اور اخلاق سے اپنے ملک کا نام روشن کرنے کی جتنی ضرورت اس وقت ہے، کبھی نہ تھی۔

میئرلندن صادق خان نے کہا کہ لیبر پارٹی برسر اقتدار ا کر عام آدمی کے لیے آسانیاں کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں ہر شہری کو اپنا گھر خریدنے کے لیے سود کی شرح میں کمی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بزنس کمیونٹی برطانیہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

غزہ جنگ کے حوالے سے مئیرلندن کاکہناتھا کہ اسرائیل سمیت کسی کو بھی حق نہیں کہ وہ بین الاقوامی قوانین کو توڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں فوجی مداخلت بڑھنے سے صورتحال مزید ابتر ہوجائے گی، سیاسی طریقے سے ہی امن کا قیام ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں معصوم شہریوں تک زندگی کی بنیادی ضروریات پہنچانا بھی ناممکن بنا دیا گیا ہے۔

صادق خان نے کہا کہ میں عالمی برادری کےساتھ آواز ملا کر جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ لندن میں رہنے والے افراد کے رشتے دار غزہ میں تشدد اور ہلاکتوں کا شکار ہو رہے ہیں۔

لیبر پارٹی کی امیدوار ناز شاہ نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا اقتدار میں آ کر صرف اور صرف ملک کی معیشت کو بہتر بنانا ہے ،چھوٹے کاروباری طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے۔

نازشاہ نے کہاکہ مسلسل کنزرویٹو حکومتوں نے ہماری معیشت، ہماری عوامی خدمات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے اور عالمی سطح پر برطانیہ کے مستقبل کو خطرے میں ڈال دیاہے، اگلے عام انتخابات میں مجھے امید ہے کہ میں لیبرپارٹی کی حکومت کو منتخب کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکوں گی۔

ناز شاہ سابق ایم پی نے کہا کہ وہ بھی نو سال سے فلسطین اور کشمیر کے لئے آواز بلند کر رہی ہیں، اب تبدیلی کا وقت آگیا ہے، عوام انسانیت کا قتل ہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان انیل مسرت نے کہا کہ گورنر نے وعدہ کیا ہے کہ وہ شرع سود میں نمایاں کمی لائیں گے، جو مورگیج لینے والوں کے لئے بڑی خوشخبری ہوگی۔

لارڈ واجد خان نے کہا کہ لیبر پارٹی برسر اقتدار آ کر فلسطین کے عوام کو ان کا حق لے کر دے گی اور امدادی کارروائیوں میں اضافہ کیا جائے گا، قیدیوں کی رہائی ممکن بنائیں گے اور لیبر پارٹی فلسطین کے لئے کام کرے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق ایم پی افضل خان نے کہا کہ وہ 40 سال سے کشمیر اور فلسطین کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں، اس آواز کو مضبوط بنانے کے لئے عوام لیبر پارٹی کے امیدواروں کو بھاری ووٹوں سے کامیاب کرائیں۔

مزید خبریں