هفته,  23 نومبر 2024ء
ن لیگ جدہ کی کارکردگی مثالی ہے ،بیرسٹر امجد ملک

جدہ(بیورورپورٹ)پاکستان مسلم (ن )سعودی جدہ کی جانب سے چیئرمین مسلم لیگ (ن )سعودی عرب چوہدری اکرم گجر اور مسلم لیگ (ن )جدہ کے صدر عمر پوری اور جنرل سیکرٹری مہر عبدالخالق لک صاحب نے چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرز مسلم لیگ (ن )بیرسٹر امجد ملک کے اعزاز میں ایک افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔

مسلم لیگ (ن )متحدہ عرب امارات کے سرپرست چوہدری محمد شفیع نے خصوصی شرکت کی۔ مہمانوں کی آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا ان کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے اور عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر تمام مسلم لیگ ن سعودی عرب کی جانب سے مبارکباد دی گئی۔افطار ڈنر میں سرپرست مسلم لیگ ن سعودیہ مسعود پوری ، مرکزی سینئر نائب صدور فاروق انجم، نور آرائین ، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن سعودی عرب ملک منظور حسین اعوان، صدر مسلم لیگ ن جدہ عمر پوری ،سیکرٹری جنرل مہر خالق لک، نائب صدر چوہدری شہباز حسین۔ صدر تاجر ونگ ظہیر گوندل، انکی ٹیم اور سوشل میڈیا ٹیم کی صدر سائرہ شمس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اور دیگر لیگی عہدیدران نے خصوصی شرکت کی۔

مسلم لیگ (ن )کے چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افیرز اور اوورسیزپاکستانیز بیرسٹر امجد ملک نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا سعودی عرب کا دورہ پاکستانی اقتصادی ترقی کیلئے خوش آئیند ہے جس سے پاک سعودی دوستی کو مزید فروغ ملے گا ،پاک سعودی دوستی ایک مثالی دوستی ہے اور جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آن پڑا تو سعودی عرب نے پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وہ وقت دور نہیں انشاءاللہ پھر پاکستان میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں ترقی کی راہوں پر دوبارہ گامزن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور انکے لئے منشور میں جن نکات کا اعلان ہوا ہے ان پر جلد عمل درآمد ہونا شروع ہوجائیگا۔ منشور کی کامیابی میں ہی اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح پنہاں ہے۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ میاں شہباز شریف کی حکومت بننے سے ملک میں سیاسی استحکام آئے گا اور تارکین وطن کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قائد نواز شریف کی ہدائت کے مطابق انکی قیادت میں پاکستان کی اقتصادی ترقی انکی جماعت کی حکومت میں اہم ترجیح ہوگی۔ اوورسیز پاکستانیوں کو منشور کے مطابق پارلیمان کا حصہ بنائیں گے اور سعودیہ اور بیرون ملک دنیا سے رول ماڈل اشخاص پر مشتمل ایڈوائزری کونس کی تشکیل نو کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے پہلے بھی کرکے دکھایا تھا اب بھی مسلم لیگ ن تارکین وطن کو مایوس نہیں کرے گی۔

مسلم لیگ ن کا دوسرا نام کام کام اور کام ہے ہم منفی پراپیگینڈا پر یقین نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ سولہ رکنی پیکج اور اقدامات انکی پارٹی کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہوں گے۔ ان میں درج زیل اقدامات سرفہرست ہیں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مخصوص نشستیں ،ون ونڈو سرمایہ کاری کی سہولت، مخصوص امیگریشن کاو¿نٹرز،خصوصی عدالتیں اور کمرشل کاونٹرز، پبلک سیکٹر ہاوسنگ اسکیموں میں دس فیصد کوٹہ اور پانچ فیصد مالیاتی رعائت،خصوصی قومی بچت اسکیم،آن لائن بائیو میٹرک تصدیق، کاروباری منصوبوں اور سٹارٹ اپ کیلئے سہولت کاری، تمام صوبوں میں اوورسیز کمیشن کا قیام، وطن واپسی پر خوش آمدید اور مکمل سہولیات ، جائیداد سے متعلق تنازعات کا حل، تنازعات کے متبادل حل کیلئے طریقہ کار، زیادہ ترسیلات بھییجنے والوں کی ستائش اور انعام و کرام، دستاویزات کی آن لائن تصدیق، پاسپورٹ اور نادرا کی آن لائن سہولت، اور تارکین وطن پر مشتمل ایڈوائزری کونسلز کا قیام ان نکات میں شامل ہیں جن پر نئی حکومت میں خصوصی غور ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تھنک ٹینک کے قیام میں تارکین وطن کی آراءاور اپنے سفارت خانوں کے ساتھ ملکر نام ترتیب دئے جائیں گے۔چوہدری اکرم چیئرمین مسلم لیگ ن سعودی عرب نے کہا کہ مسلم لیگ ن سعودی عرب کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔چوہدری محمد شفیع سرپرست مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات نے اسحق ڈار اور بیرسٹر امجد ملک کو خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے پینتیس ممالک میں مسلم لیگ ن کی تنظیم نو سے رابطہ سازی کا ایک نیا باب رقم کیا ہے۔ بیرسٹر امجد ملک نے مہمان خصوصی کے طور پر مسلم لیگ ن جدہ کی ٹیم کو عمدہ کارکردگی پر شیلڈ پیش کی جسے مسلم لیگ ن جدہ کے صدر عمر پوری اور سیکرٹری جنرل مہر عبدلخالق لک نے وصول کیا۔

قبل ازیں ملاقات میں چوہدری اکرم گجر کی والدہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی، اس موقع پر یوم پاکستان کے سلسلے کا کیک کاٹا گیا اور پاکستان کی سلامتی کیلئے دعائیں بھی کی گئیں۔ آخر میں مہمانوں کو پرتکلف اعشائیے سے نوازا گیا۔

مزید خبریں