بریڈفورڈ(روشن پاکستان نیوز)مرکری پروموشنز کے زیر اہتمام بریڈفورڈ میں میوزیکل نائٹ پروگرام کا انعقاد کیاگیا۔
پروگرام میں پاکستانی لوک گلوکارہ افشاں زیبی اوربشیر لوہار نے اپنی آواز کا جادوجگایا۔
اس موقع پرگلوکاروں نے مختلف گانے اور نغمے پیش کر کے شائقین موسیقی کے دلوں کو لبھایا۔
فوک گانوں کے شوقین حضرات کی بڑی تعدادایونٹ میں موجود تھی ۔
پروگرام میں عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔
تقریب کے دوران روشن پاکستان نیوز سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے بشیر لوہار نے کہاکہ میں اس وقت برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ میں موجود ہوں اور میرے ساتھ افشاں زبیی بھی موجود ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ میں یہاں پاکستانی عوام کو تفریح فراہم کرنے کے لئے آیا ہوں،ہم یہاں پرپاکستانی ثقافت کو فروغ دینے کے لئے پروگرام کر رہے ہیں۔
بشیرلوہار نے کہاکہ اس طرح کے پروگرام پورے برطانیہ کے اندرہونے چاہئیں جس میں پاکستانی کلچر دکھایاجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں پنجابی کلچر، فوک کلچرکا جتنا زیادہ انعقاد کیاجائیگا اتنا ہی اچھا ہوگاکیونکہ یہ ہمارے ملک کی یادیں ہیں، ہم نے انہیں بھولنا نہیں ہے۔
آخر میں انہوں نے کہاکہ میرے ساتھ ڈھول پر طیب اور محمد حسین ہیں ،یہ دونوں میرے ڈھول ماسٹر ہیں ،یہ بہت اچھے لوگ ہیں ،میں ان کے ساتھ کام کرتا ہوں، اللہ پاک ان کو خوش رکھے یہ میرا بہت ساتھ دیتے ہیں اورپوری دنیا میں میرے ساتھ جاتے ہیں۔
یادرہے کہ پاکستانی کلچر اپنی تہذیب و تمدن کے اعتبار سے پوری دنیا میں اپنی الگ شناخت اور پہچان رکھتا ہے۔حکومت اپنی سطح پر پاکستان کی ثقافت کو زندہ رکھنے کے لئے کوششیں کرتی رہتی ہے پاکستان کی تہذیب وثقافت کو زندہ رکھنے کیلئے نجی سطح پرکام کرنے والے اداروں کا کردار بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا جوبیرون ممالک میں اپنے محدود وسائل میں رہ کر پاکستانی کلچر کو اصل شکل میں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
اس سلسلہ میں آرٹ اکیڈیمیاں، آرٹ اینڈ کلچر سنٹرز اور بعض جگہوں پر این جی اوز بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
پاکستانی کلچر کو زندہ رکھنے اور بیرون ملک پاکستان کی شناخت اس کے کلچر کے ذریعے کرانے کے سلسلہ میں متعدد لوگ اور ادارے کام کررہے ہیں جو یقینا لائق صد تحسین ہیں اور اپنے مقصد میں کامیاب بھی ہیں۔انہی اداروں کی وجہ سے بیرون ملک لوگوں کو پاکستان اور اس کے کلچر کا پتہ چلتا ہے۔