اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو دو ٹوک انداز میں واضح کردیا کہ غیر ملکی لیگز کھیلنی ہےتو پہلے ڈومیسٹک میچز کھیلیں۔ فٹنس مسائل سے دوچار پاکستانی کرکٹرز نسیم شاہ، محمد حسنین اور احسان اللہ بنگلادیش پریمیئر لیگ میں شرکت کے خواہش مند ہیں جبکہ شاداب خان آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کھیلنا چاہتے ہیں۔شاداب خان کی کلیئرنس اور دیگر تین فاسٹ بولرزکو این او سی دینے کیلئے پی سی بی نے ٹیم مینجمنٹ سے رائے مانگ لی ہے ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے واضح پیغام دیا ہے کہ پہلے ڈومیسٹک میچز کھیلیں،فٹنس ثابت کریں اور پھر لیگز کھیلیں۔ ٹیم مینجمنٹ نے واضح پیغام کے بعد آل راؤنڈر شاداب خان پریذیڈینٹ ٹرافی کھیلنے کراچی پہنچ گئے ہیں شاداب خان کو این او سی مل چکا ہے لیکن انجری کی وجہ سے انہیں پی سی بی سے پھر کلیئر نس لینا ہوگی جبکہ مینجمنٹ کا یہ بھی مؤقف ہے کہ انجری کے بعد علاج یا ری ہیب پروگرام پی سی بی کرائے اور جب وقت کھیلنے کا آئے تو غیر ملکی لیگ کھیلنے چلے جائیں ،شاداب خان پہلے اپنی فٹنس ثابت کریں۔ واضح رہے کہ بنگلادیش پریمیئر لیگ 19 جنوری سے شروع ہوگی،جس میں پاکستان کے 16 کھلاڑیوں کو شرکت کرنی ہے تاحال پی سی بی نے کسی بھی کھلاڑی کو این او سی جاری نہیں کیا ہےجبکہ نسیم شاہ ، احسان اللہ اور محمد حسنین کو این او سی کے ساتھ ساتھ اپنی فٹنس بھی دینا ہوگی۔