اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز))قومی اسمبلی نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو بھاری اکثریت سے قائد ایوان اور ملک کا نیا وزیراعظم منتخب کر لیا۔شہباز شریف نے 201ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل عمر ایوب نے92ووٹ حاصل کیے
اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے اسپیکر کی ڈائس کے سامنے احتجاج شروع کر دیا تاہم بعد ازاں اپنی نشستوں پر چلے گئے۔
نئے قائد ایوان کے انتخاب کے عمل سے قبل اسپیکر کے حکم پر5 منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں، گھنٹیاں بجائے جانے کے بعد ایوان کے دروازے بند کر دیے گئے اور اسپیکر کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ شہباز شریف کے حق میں جو اراکین ہیں لابی اے کی طرف چلے جائیں جبکہ عمر ایوب کے حق میں اراکین لابی بی میں چلے جائیں۔
جے یو آئی کے اراکین وزیراعظم کے انتخاب کی کارروائی کا حصہ نہ بنے اور قومی اسمبلی ہال کے دروازے بند ہونے سے قبل جے یو آئی کے اراکین ہال سے باہر چلے گئے جبکہ سردار اختر مینگل ایوان میں بیٹھے رہے اور انہوں نے کسی کو بھی ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔
مزید پڑھیں: بلاول بھٹو نے شہباز شریف کو ملکی تاریخ کا کامیاب ترین وزیراعظم بننے کا نسخہ بتادیا
حکمران اتحاد کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے منصب کیلئے شہباز شریف امیدوار تھے جبکہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب خان تھے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شہباز شریف کے قائد ایوان اور وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے کا اعلان کیا۔











