بدھ,  18  ستمبر 2024ء
بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کا قاتل گولڈی برار دہشت گرد قرار

بھارتی ریاست پنجاب سے تعلق رکھنے والے معروف گلوکار اور سیاست دان سدھو موسے والا کے قتل کے ماسٹر مائنڈ گولڈی برار کو دہشتگرد قرار دے دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی وزارت داخلہ نے مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے ماسٹر مائنڈ اور پنجاب پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب ستویندر سنگھ عرف گولڈی برار کو ملک میں موجود غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون کے تحت دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔ 

بھارتی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ گولڈی برار سکھوں کے لیے الگ ملک خالصتان کی حامی تنظیم خالصہ انٹرنیشنل سے وابستہ ہے، اس کے علاوہ وہ اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گولڈی برار پر بھارتی سیاسی رہنماؤں کو دھمکی آمیز کالز کرکے تاوان کا مطالبہ کرنے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر قتل کی دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ گینگسٹر گولڈی برار 29 مئی 2022ء کو سدھو موسے والا کے قتل کے بعد منظر عام پر آیا تھا۔

گولڈی برار نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں سدھو موسے والا کو قتل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ 

علاوہ ازیں، پنجاب پولیس کے ریکارڈ کے مطابق 2017ء میں گولڈی برار کینیڈا گیا تھا جہاں سے وہ اپنے ساتھیوں کی مدد سے بھارتی پنجاب میں جرائم کرتا رہا ہے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News