اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز )حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پر بلاول بھٹو کی قیادت میں پی پی وفد سے مسلم لیگ ن کے حکومت سازی کے حوالے سے کامیاب مذاکرات ہوئے۔مذاکرات میں ن لیگ اور پی پی کی رابطہ کمیٹی کے اراکین اور صدر ن لیگ شہباز شریف جبکہ بلاول بھٹو نے بھی شرکت کی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ جس میں دونوں جماعتوں میں حکومت سازی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں دونوں جماعتوں نے شرائط تسلیم کر کے شراکت اقتدار کا معاہدہ طے کیا۔ جس کے مطابق صدر مملکت کا عہدہ پیپلزپارٹی کے پاس ہوگا جبکہ وفاق میں ن لیگ کا وزیر اعظم ہوگا۔
مزید پڑھیں: نومنتخب ن لیگی ایم این اےنے ایس ایچ او کو حوالات میں بند کرنیکی دھمکی دیدی ،وجہ کیا ؟دیکھیں تفصیل
معاہدے کے تحت صدر پاکستان آصف زرداری جبکہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف ہوں گے۔ اس کے علاوہ قومی کا اسپیکر ن لیگ جبکہ سینئٹ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی سے ہوگا۔پاکستان پیپلزپارٹی وفاقی کابینہ میں شامل نہیں ہوگی اور نہ ہی کوئی وزارت لے گی البتہ وزارت عظمی کیلئے شہباز شریف کو ووٹ دے گی۔اس سے قبل نواز شریف کی طلبی پر شہباز شریف لاہور سے اسلام آباد اور پھر مری پہنچے، جہاں انہوں نے نواز شریف سے اہم ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں وفاق میں حکومت سازی کے حوالے سے گفتگو کی گئی جبکہ رابطہ کمیٹی نے نواز شریف اور شہباز شریف کو پیپلزپارٹی کے ساتھ رابطوں پر بریف کیا۔بعد ازاں بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی کا وفد حکومت سازی کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات کیلیے اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پہنچا، جہاں شہباز شریف بھی پہنچے اور پھر بات چیت کو حتمی شکل دی۔