کوئٹہ(روشن پاکستان نیوز) مسلم لیگ (ن) کو بلوچستان اسمبلی کی 2 مزید نشستیں مل گئیں ،حلقہ پی بی 41 اور 51 سے آزاد حیثیت میں انتخاب جیتنے والے ولی محمد اور عبدالخالق خان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔
تفصیلا ت کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 41 اور 51 سے آزاد حیثیت میں انتخاب جیتنے والے ولی محمد اور عبدالخالق خان نے ملاقات کی اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ پارٹی کے صوبائی صدر جعفر خان مندوخیل اور پارٹی رہنما جمال شاہ کاکڑ بھی ملاقات میں موجود تھے، شہباز شریف نے ولی محمد اور عبد الخالق خان کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک دی اور ان کا خیر مقدم کیا۔
مزید پڑھیں: نومنتخب ن لیگی ایم این اےنے ایس ایچ او کو حوالات میں بند کرنیکی دھمکی دیدی ،وجہ کیا ؟دیکھیں تفصیل
شہبازشریف نے اس موقع پر کہا کہ آپ نے پاکستان کے استحکام کے لئے کردار ادا کیا، جو لائق تحسین ہے، پاکستان کو انتشار نہیں استحکام کی ضرورت ہے، مسائل لڑائی سے نہیں بات چیت اور مل کر چلنے سے ہی حل ہو سکتے ہیں، پاکستان کی ترقی کے لئے بلوچستان کی ترقی کو اولین تقاضا سمجھتے ہیں، نومنتخب ارکان نے وزیراعظم نامزد ہونے پر شہباز شریف کو مبارک دی۔











