جمعه,  28 فروری 2025ء
چاند نظر نہ آیا،پاکستان میں اتوار کو پہلا روزہ

پشاور(روشن پاکستان نیوز) ملک میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آیا، پاکستان میں دو مارچ بروز اتوار کو پہلا روزہ ہوگا۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد  نے پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا،پاکستان میں چاند نظر آنے کا آخری وقت7بجکر 24منٹ تھا،پورے ملک میں موسم ابرآلود ہے۔

پنجاب:

لاہورمیں رمضان المبارک کاچاند دیکھنےکیلئےصوبائی زونل رویت ہلال کمیٹی کااجلاس ہوا،اجلاس کی صدارت ڈی جی مذہبی امور خالد محمود نے کی،محکمہ اوقاف اورصوبائی زونل رویت ہلال کمیٹی کےممبران چانددیکھنےکیلئےموجود تھے۔

خیبر پختونخوا:

پشاورمیں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے عید گاہ میں انتظامات کئے گئے ہیں، ٹیلی سکوپ اور ایچ ٹی ایس سسٹم فعال رہے،محکمہ موسمیات اور سپارکو کی ٹیمیں بھی موجود رہیں۔

سندھ:

محکمہ موسمیات کراچی میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے زونل کمیٹی کا اجلاس ہوا،اجلاس کی صدارت علامہ حافظ محمد سلفی  نے کی۔

اجلاس میں زونل کمیٹی کے ممبران، ڈائریکٹر نیشنل سونامی سینٹر امیر حیدر لغاری اور محکمہ موسمیات سے دیگر شریک ہوئے۔

فوکل پرسن محکمہ موسمیات کراچی انجم نذیر ضیغم  کے مطابق آج رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں،وسطی اور بالائی سندھ، جنوبی پنجاب، جنوبی خیبرپختونخوا، وسطی اور شمال مشرقی بلوچستان میں مطلع صاف ہے،کراچی سمیت ساحلی پٹی پر مطلع جزوی ابر آلود ہے،یکم رمضان المبارک 2 مارچ کو ہونے کا قوی امکان ہے۔

بلوچستان:

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے زونل کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت مولانا انوار الحق حقانی  نے کی۔

اسلام آباد:

وفاقی دارالحکومت میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے ارکان وزارت مذہبی امور کی چھت پر موجود رہے،کمیٹی کے شرکاء میں علامہ سجاد حسین نقوی، مفتی عبدالسلام جلالی اور مفتی محمد اقبال نعیمی شامل تھے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں تین روزہ بی ڈی ایم سیشنز کا انعقاد، صحافیوں کی شرکت اور اہم قراردادیں منظور

کمیٹی ارکان علامہ ہارون الرشید بالاکوٹی، پیر محمد ممتاز احمد ضیاء نظامی،محکمہ موسمیات، سپارکو، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام بھی موجود تھے۔

سپارکو:

ترجمان سپارکو کے مطابق نئے چاند کی پیدائش آج صبح5 بج کر 45 منٹ پر ہوئی،آج غروب افتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے ہوگی،28فروری کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے اور بلندی 5 ڈگری ہو گی۔

چاند کی کم بلندی اور فاصلے کی وجہ سے ہلال کا نظر آنا مشکل ہے،آج چاند اور سورج کا زاویائی فاصلہ 7 ڈگری، ہلال انسانی آنکھ سے نظر نہیں آئے گا۔

یکم مارچ کو کہاں کہاں پہلا روزہ ہوگا؟

آسٹریلیا، روس اور نیوزی لینڈ میں میں پہلا روزہ یکم مارچ یعنی کل ہوگا،آسٹریلوی وزیر اعظم نے رمضان کے آغاز پر نیک تمنائوں کا اظہارکیا ہے۔

2 مارچ کو کہاں کہاں پہلا روزہ ہوگا؟

ملائیشیا،برونائی دارالاسلام اورانڈونیشیا، سنگا پورمیں یکم رمضان دو مارچ کو ہوگا۔

سعودی عرب:

سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا،سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں کل یکم مارچ بروز ہفتے کو پہلا روزہ ہوگا۔

سعودی حکومت کی طرف سے سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم تمام افراد کو رمضان المبارک کی مبارکباد دی گئی ہے۔

متحدہ عرب امارات:

متحدہ عرب امارات رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے ڈرونز کا استعمال کرے گا، عرب میڈیا کے مطابق یو اے ای ڈرونز کے ذریعے چاند دیکھنے والا دنیا کا پہلا ملک ہو گا۔

ڈرونز مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے،آج چاند نظر آنے یا نا آنے کی صورت میں متحدہ عرب امارات میں یکم رمضان شروع ہونے کا سرکاری اعلان کیا جائے گا۔

مزید خبریں