جمعه,  21 فروری 2025ء
نیوزی لینڈ نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو 60 رنز سے مات دے دی

کراچی(روشن پاکستان نیوز) نیوزی لینڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں میزبان پاکستان کو 60 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ نے مشکل کا سامنا کیا، سعود شکیل 6 رنز بنا کر پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹر تھے، اس کے بعد کپتان محمد رضوان بھی 22 کے مجموعی اسکور پر صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان 24 رنز بنا کر 69 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ سلمان آغا نے 28 گیندوں پر 42 رنز کی مزاحمت کی لیکن وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔ طیب طاہر صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، اور بابر اعظم 64 رنز کی اننگ کھیل کر 153 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی ساتویں وکٹ 200 رنز پر گری جب شاہین شاہ آفریدی 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اور خوشدل شاہ 49 گیندوں پر 69 رنز کی اننگ کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔ حارث رؤف نے 19 رنز بنائے اور پاکستان کی نویں وکٹ 260 رنز پر گری۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 320 رنز بنائے۔ پاکستان کو پہلی کامیابی ابرار احمد نے دلائی، جب انہوں نے ڈیون کونوے کو 10 رنز پر بولڈ کیا۔ نسیم شاہ نے کین ولیمسن کو صرف 1 رن پر پویلین لوٹایا، اور حارث رؤف نے 10 رنز پر ڈیرل مچل کو آؤٹ کیا۔

ول یانگ نے 107 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، جس کے بعد نسیم شاہ نے انہیں آؤٹ کیا۔ گلین فلپس نے 39 گیندوں پر 61 رنز بنائے اور حارث رؤف نے انہیں آؤٹ کیا۔ ٹام لیتھم نے 118 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر نیوزی لینڈ کا اسکور 320 تک پہنچایا، ان کی اننگ میں تین چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔

مزید پڑھیں: بابراعظم کا موبائل فون گم گیا

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں فہیم اشرف کی جگہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو شامل کیا گیا ہے، اور انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ دوسری اننگز میں اوس پڑے گی، اور چونکہ پاکستان دفاعی چیمپئن ہے، اس لیے کچھ دباؤ ہوگا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان مچیل سینٹنر نے کہا کہ کراچی اسٹیڈیم کی وکٹ اچھی لگ رہی ہے، اور رات میں اوس پڑنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ میٹ ہنری کی واپسی بھی ہوئی ہے۔

مزید خبریں